حیدرآبادی فن گامہ شو میں فلمی ستاروں کی چمک دمک ، داخلہ کی عام اجازت
حیدرآباد ۔4 ۔ فبروری ( سیاست نیوز ) حیدرآبادی عوام ہمیشہ سے تفریحی پروگرام کے دلدادہ رہے ہیں خاص کر کامیڈی و میوزیکل اور تہذیبی پروگرامس کا انہیں انتظار رہتا ہے ۔ ملے جلے ورائٹی پروگرامس شاذ و نادر ہی پیش کئے جاتے ہیں لیکن کے بی جانی کا حیدرآبادی فن گامہ شو ایک ایسا تفریحی پروگرام ہے جس میں ہر مزاج ، ہر عمر اور مختلف ذوق کے حامل شائقین کو اپنی پسند کا پروگرام دیکھنے کو ملتا ہے ۔ پروگرام کے کواڈنیٹر کے بی جانی شائقین کے دل کو چھولینے والے آئٹمس فن گامہ شو میں شامل کرتے ہیں جو ادارہ سیاست کی فخریہ پیشکش ہے ۔ گیارہوں سیاست شاپنگ دھوم 2018 کی بمپر ڈرا تقریب 6 فبروری چہارشنبہ شام 6.30 بجے للت کلاتھورنم ( اوپن تھیٹر ) باغ عامہ نامپلی حیدرآباد میں منعقدہ اس حیدرآبادی فن گامہ 2018 شو کی انفردیت یہ ہے کہ سوشیل میڈیا کے Utube کے شہرت یافتہ کراک حیدرآادی کے زیرعنوان پیش کرنے والے نوجوان فنکار شہباز خان ( نور بھائی ) عمران خان ( امی ) وغیرہ خصوصی نئے کامیڈی آئٹمس سناکر محفل کو زعفران زار بنادیں گے ۔ فن گامہ شو میں نئے پرانے فلمی گانوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ جس میں گلوکارہ وجئے لکشمی ( پلے بیک سنگر ) خصوصی نغموں کے ذریعہ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی ۔ اس کے علاوہ احتشام قادری ، مخدوم ، صفی ملک ،سمرن ، مونالیسا ، ارون پوری ( ہماچل پردیش ) بطور خاص تشریف لارہے ہیں ۔ مذکورہ شو کی دھنیں سرتال میوزک ٹروپ کی ہوگی ۔ پروگرام کی اینکر چنچل شرما اور سمیرا خان ہیں ۔ صوفیانہ رنگ کے تحت صوفی نغموں کے ساتھ حیدرآباد کے نوجوان صوفی سنگر عمران خاں شامل رہیں گے ۔ مذکورہ شو میں سب سے جاذب نظر پروگرام حیدرآبادی فلمی ستاروں کی جھلک ہوگی جن میں آر کے ماما ، عدنان ساجد خاں ( گلودادا) عزیز ناصر ، اسمعیل بھائی ( دھیرچرن سریواستو ) اکبر بن تبر ، فرح ( روڈی فیم ) ذیشان جانباز ، علی رضا ، شاہ رخ عدنان وغیرہ شامل ہیں ۔ فن گامہ شو2018 کی یہ محفل شائقین کیلئے بھرپور تفریح فراہم کرے گی بلکہ قلبی سکون و راحت کا احساس دلائے گی ۔ حیدرآبادی فن گامہ شو میں داخلہ کی عام اجازت رہے گی ۔