لندن : شام کے صدر بشار الاسد کی اہلیہ اور ملک کی خاتون اول اسما ء الاسد کی برطانوی شہریت چھن جانے کا اندیشہ ہے۔ لندن پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا ہے جس کے نتیجے میں 45 سالہ اسماء کے خلاف غائبانہ عدالتی کارروائی عمل میں آ سکتی ہے۔ شامی خاتون اول کے خلاف الزامات کا خلاصہ یہ ہے کہ انہوں نے 10 برس کے دوران دہشت گرد کارروائیوں پر اُکسایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس کے سبب جاری خانہ جنگی میں اب تک 5 لاکھ سے زیادہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں 1.2 کروڑ شامی (ملک کی تقریبا نصف آبادی) اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی کر چکے ہیں۔اسماء کے والدین شامی ہیں جنہوں نے اپنے ملک سے ہجرت کر لی تھی۔ والد ڈاکٹر فواز الاخرس لندن کے ایک اسپتال میں ماہر امراض قلب ہیں۔والدہ سحر عطری برطانیہ میں شامی سفارت خانے کی سابقہ ملازمہ ہیں۔
