لندن ایئرپورٹ پر طیارے کی چھت پر ایک شخص چڑھ گیا

,

   

لندن 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) لندن کے ایک ہوائی اڈے پر موجود ذمے داران اور مسافر اْس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے ایک طیارے کی چھت پر ایک شخص کو چڑھا ہوا دیکھا۔ کسی کو یہ نہ معلوم ہو سکا کہ یہ شخص طیارے کے اوپر کس طرح پہنچا اور یہ کہ وہ ہوائی اڈے کے ملازمین اور سیکورٹی اہل کاروں کی نظروں سے کس طرح اوجھل رہا۔لندن کے سٹی ایئرپورٹ پر سیکورٹی اہل کاروں اور دیگر ذمے داران نے فوری طور پر برٹش ایئرویز کے طیارے کے اوپر موجود شخص کو نیچے اتارا۔ بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ شخص ماحولیات کی بہتری کے لیے کام کرنے والا معروف کارکن جیمز براؤن ہے۔ براؤن نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف احتجاجا اس طیارے کی پرواز معطل کرنے کی کوشش میں یہ اقدام کیا۔براؤن نے جہاز کی چھت پر پہنچنے کے لیے پرواز کا نارمل ٹکٹ خریدا۔ وہ دیگر مسافروں کے ساتھ قطار میں شامل ہو کر سب سے پہلے طیارے تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد وہ طیارے کی چھت پر چڑھ کر وہاں بیٹھا رہا یہاں تک کہ ہوائی اڈے کے سیکورٹی اہل کاروں نے اسے نیچے اتار لیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص طیارے کی چھت پر بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران فائر بریگیڈز کی فورس کو رن وے پر بلا لیا گیا۔ اس طرح متعلقہ آلات کا استعمال کر کے اس شخص تک پہنچا گیا اور پھر اسے بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔برٹش ایئرویز کا یہ طیارہ ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈم جانے کے لیے اڑان بھرنے کی تیاری کر رہا تھا۔