لندن، 2 نومبر (یو این آئی) برطانیہ کے شہر کیمبرج شائر کے ہنٹنگڈن میں ہفتے کی دیر رات لندن جانے والی ایک ٹرین میں چاقو زنی کے واقعہ میں 10 افراد زخمی ہو گئے ، جن میں سے نو کی حالت انتہائی نازک ہے ۔برطانیہ کی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ کیمبرج شائر میں ایک ٹرین میں چاقو سے کئی لوگوں پر حملہ کیا گیا، جس میں 10 لوگ زخمی ہو گئے ۔ انہیں ہاسپٹل پہنچایا گیا اور ان میں سے نو لوگوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ اس واقعے کو بڑا حادثہ قرار دیا گیا ہے ۔حملے کے الزام میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، ٹرین رکنے کے بعد کئی پولیس گاڑیوں اور ایمبولینسوں کے ساتھ مسلح پولیس اہلکاروں نے ہنٹنگڈن ریلوے اسٹیشن کو گھیر لیا، دہشت گرد مخالف یونٹ تفتیش میں مصروف ہے ۔ ٹرین ڈونکاسٹر سے لندن کے کنگز کراس اسٹیشن جا رہی تھی۔عینی شاہدین نے ایک شخص کو بڑی چھری لئے دیکھا تھا، واقعے کے بعد ہر جگہ خون ہی خون تھا اور بچنے کیلئے مسافر بیت الخلاء میں بھی چھپ گئے تھے ۔ اس ہنگامی صورتحال میں کچھ مسافر بھگدڑ میں بھی زخمی ہو گئے ۔برطانیہ کے وزیر اعظم کیر اسٹارمر نے اس واقعہ کو خوفناک اور بہت تشویشناک قرار دیا، انہوں نے متاثرین کیلئے ہمدردی کا اظہار کیا اور ہنگامی خدمات کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ شبانہ محمود نے دو افراد کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے ۔