لندن ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا ۔لندن پولیس نے اپنے بیان میں گرفتار شدہ شخص کا نام ظاہر نہیں کیا ہے تاہم بی بی سی اردو کی جانب سے تصدیق کر دی گئی ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے اہلکاروں نے منگل کی صبح شمال مغربی لندن میں الطاف حسین کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور انھیں ساتھ لے گئے۔لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 11 جون کو ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور اس معاملے کا تعلق پاکستان میں ایم کیو ایم سے متعلقہ فرد کی جانب سے کی جانے والی تقریروں سے ہے۔بیان کے مطابق 60 برس سے زیادہ عمر کے اس شخص کو شمال مغربی لندن میں ایک مکان سے پولیس کریمنل ایویڈینس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا اور اس پر عالمی سطح پر جرائم پر اکسانے یا ان میں مدد دینے کا شبہ ہے۔بیان کے مطابق مذکورہ شخص کو جنوبی لندن کے پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے ۔