مقدس کتاب کے نسخہ کوجلانے والے گستاخ پرراہرو نے حملہ کردیا
لندن : وسطی لندن میں واقع ترکیہ کے قونصل خانہ کے باہر قرآن مجید کے نسخہ کو ایک شخص جلاتے ہوئے اس حرکت کی فلم بندی کررہا تھا جو ایک راہرو سے برداشت نہ ہوا اور اس نے گستاخ شخص پر چاقو کے ساتھ حملہ کردیا ۔ سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص بڑی کتاب کو جلارہا ہے جس کے بعد احتجاجی راہرو نے اسے چاقو سے نشانہ بنایا ۔ فوٹیج کے مطابق گستاخ سڑک پر گرگیا جہاں اسے ایک اور شخص لاتیں رسید کرتے ہوئے اس سے وہ کتاب چھین رہا ہے جسے وہ جلارہا تھا ۔ ایک اور شخص منظر پر ظاہر ہوتا ہے جس نے چاقو نکالا اور گستاخ کو نشانہ بنایا ۔ یہ واقعہ جمعرات کی دوپہر نائیٹس بریج کے علاقہ روٹ لائین گارڈنس میں پیش آیا جہاں ترک قونصل واقع ہے ۔ ایک شخص نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا کہ وہی ہے جس نے یہ شعبدہ بازی کی اور اس کی پہلے سے تشہیر کی گئی تھی ۔ اس نے دعویٰ کیا کہ جب وہ قرآن کا نسخہ جلارہا تھا تو اسے چاقو زنی کا نشانہ بنایا گیا ۔ ایمبولینس اور پولیس فوری وہاں پہنچ گئے ۔ اس شخص نے ایکس پر اس واقعہ کے کئی ویڈیو پوسٹ کئے ہیں ۔ میٹرو پولیٹین پولیس کے ترجمان نے کہا کہ نائیٹس برج میں حملہ کے بعد ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ پولیس کو دوپہر 2 بجے اطلاع ملی جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی ۔ زخمی گستاخ کو دواخانہ پہنچایا گیا اس کی انگلی شدید زخمی ہوئی ہے ۔ تاہم اس کے بدن پر کوئی خاص چوٹ نہیں آئی ۔پولیس آفیسرس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور شخص کو گرفتار کیا اور اس کے قبضہ سے ہتھیار چھیل لیا ۔ وہ پولیس کی تحویل میں ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ قرآن مجید کے ساتھ اس نوعیت کی بیحرمتی حالیہ چند برسوں میں بالخصوص سوئیڈن میں دیکھنے میں آئی جہاں ایک عراقی نژاد شخص کئی بار یہ حرکت کا مرتکب ہوا یہاں تک کہ اسے گولی مارکر ہلا ک کردیا گیا ۔