لندن میں دل کا دورہ پڑنے سے تلنگانہ کے نوجوان کی موت

   

حیدرآباد13اپریل (یواین آئی) لندن میں تلنگانہ کے ایک طالب علم کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی۔اس طالب علم کا تعلق ضلع ورنگل اربن سے ہے جس کی شناخت 26سالہ ستیش کے طورپر کی گئی ہے ۔وہ 2019جنوری میں اعلی تعلیم کے لئے لندن روانہ ہوا تھاجہاں وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مقیم تھا۔ہندوستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں حالت نیند میں اس کو دل کا دورہ پڑا اور وہ اپنے بستر سے گرگیا۔اس کے گرنے کی آواز سن کر اس کے ساتھی چوکس ہوگئے جنہوں نے دیکھا کہ وہ بستر سے فرش پر گر پڑا ہے اور وہ کچھ حرکت نہیں کررہا ہے ۔فوری طورپر اس کے ساتھیوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی۔اس کو ہاسپٹل منتقل کیاگیا۔ڈاکٹرس نے اس کامعائنہ کرنے کے بعد اس کومردہ قرار دیا۔اس نے ہفتہ کو ویڈیو کال کے ذریعہ ورنگل میں اپنے والدین سے بات کی تھی۔اس کی لاش کو آبائی مقام واپس لانے کے لئے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو،وزیر کے تارک راما راو،رکن اسمبلی رمیش سے اس کے ارکان خاندان نے خواہش کی ہے جس پر وزیرتارک راما راو نے وزیر خارجہ جئے شنکر کو اس خصوص میں ٹوئیٹ کیا اور کہا کہ اس نوجوان کی لاش کو لانے کے لئے انتظام کیاجائے ۔