لندن ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بھگوڑے نیرو مودی کو اس وقت ایک زبردست جھٹکا لگا جب برطانیہ کی ایک عدالت نے ہیروں کے تاجر کی ضمانت کیلئے داخل کردہ تازہ درخواست کو مسترد کردیا۔ نیرو مودی ہندوستان کو حوالگی کے خلاف اپنی لڑائی لڑ رہے ہیں جن پر الزام ہے کہ انہوں نے پنجاب نیشنل بینک (PNB)کودو بلین امریکی ڈالرس کا چونا لگایا اور لندن فرار ہوگئے ۔ نیلے رنگ کے سوئٹر میں ملبوس اور تازہ کلین شیو میں 48 سالہ نیرو مودی کو ویسٹ سنٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جو لندن میں واقع ہے ۔ انہوں نے آئندہ سال مئی میں اپنے خلاف مقدمہ کے باقاعدہ آغاز ہونے تک ضمانت پر رہا کئے جانے کی ا یک اور کوشش کی تھی لیکن جج ایما اور بھوتھناٹ نے درخواست ضمانت کو مسترد کردیا جبکہ نیرو مودی نے سیکوریٹی کے طور پر دی جانے والی رقم کو دو ملین پاؤنڈس سے بڑھاکر چار ملین پاؤنڈس کی پیشکش کی تھی ۔