لندن کا ٹرافلگر اسکوائر اذان کی آواز سے گونج اٹھا

,

   

لندن ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لندن کا ٹرافلگر اسکوائر سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے جہاں دنیا کے گوشے گوشے سے سیاح پہنچتے ہیں اور وہاں کے ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ کہا جاتا ہیکہ کبوتروں کے غول کو دانہ ڈالنے کی روایت یہیں سے شروع ہوئی اس کے بعد یہ دیکھا گیا کہ دنیا کے ہر اہم ملک کے شہروں میں ایسے مقامات ہوتے ہیں جہاں کبوتروں کے غول پہنچتے ہیں اور لوگ انہیں دانہ ڈال کر ثواب (پنیہ) کمانے کی کوشش کرتے ہیں۔ جاریہ رمضان المبارک کے دوران گذشتہ دنوں ٹرافلگر اسکوائر اذان کی دلکش آواز سے گونج اٹھا اور وہاں موجود ہر شخص بلا لحاظ مذہب و ملت اذان کی تکمیل تک دم سادھے کھڑا رہا جس کا ویڈیو بھی ان دنوں سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ مسلمانوں کے مقدس ترین ماہ رمضان کو دنیا کا ہر ملک اہمیت دیتا ہے چاہے وہ اسلام دشمن ہی کیوں نہ ہو۔ رمضان المبارک میں غریبوں، محتاجوں اور دیگر حاجت مندوں کیلئے اتنے نیک کام کئے جاتے ہیں کہ اس کا ہر کوئی معترف ہے۔ دنیا میں کوئی بھی قوم یہ دعویٰ نہیں کرسکتی کہ اس کی قوم میں کوئی محتاج نہیں۔ مذہب اسلام رمضان المبارک میں بلالحاظ مذہب و ملت، رنگ و نسل ایسے ہی حاجت مندوں کی مدد کرتا ہے۔