لنگر حوض تالاب عوام کے لیے ڈراؤنے خواب میں تبدیل

   

عوام میں خوف و دہشت ، حشرات الارض کا شور و غل ، مچھروں کی افزائش و انبار
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : لنگر حوض تالاب پھر ایک مرتبہ قرب و جوار میں مقیم افراد کے لیے ڈراونے خواب میں تبدیل ہوگیا ہے کیوں کہ تالاب میں خود رو پودوں کی افزائش میں بے تحاشہ اضافہ کے علاوہ حشرات الارض کا انبار اور مچھروں کی افزائش کا اڈہ بن جانے کی وجہ سے تالاب سے شور و غل کی آوازیں بلند ہورہی ہیں ۔ اس طرح کی تشویشناک صورتحال پر مقامی افراد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں جب کہ بلدیہ کا کہنا ہے کہ وہ چند عرصہ قبل ہی 45 لاکھ روپیوں کے خرچ سے تالاب کی صاف و صفائی انجام دیا ہے ۔ مقامی شہریوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی سے صفائی کی انجام دہی کے بعد بھی پرانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ دوسری طرف جب متعلقہ حلقہ کے رکن اسمبلی سے مسئلہ کو رجوع کرنے پر انہوں نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ حالیہ عرصہ میں تالاب کی صفائی انجام دے کر مچھروں اور حشرات الارض کی افزائش کو روکنے کے لیے آئیل بالس کو چھوڑا گیا تھا اس کے باوجود ماضی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ مقامی شہریوں نے بلدیہ کے انٹامالوجی ڈپارٹمنٹ سے خواہش کی کہ وہ فوری طور پر اس جانب توجہ دے کر مستقل طور پر مسئلہ کو حل کریں بصورت دیگر اطراف واکناف کی بستیوں کی عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا ۔۔