عنقریب واکنگ ٹراکس ، گرینری ، بیٹھنے کے انتظامات بھی ہوں گے
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : حلقہ اسمبلی کاروان میں لنگر حوض جھیل کی حالت کو بہتر بنایا گیا ہے ۔ اس جھیل کے پاس شجرکاری اور اس کے کناروں کو بہتر بنانے کا کام کیا جارہا ہے ۔ اس مقام پر واکنگ ٹراکس اور اس تالاب کے اطراف گرینری کو فروغ دیتے ہوئے اسے ایک تفریحی جگہ بنانے کا منصوبہ ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم اس مقام کو روشنی سے جگمگانے کے علاوہ دیگر سہولتیں بشمول بیٹھنے کے انتظامات کرتے ہوئے ایک پرکشش مقام بنائیں گے ۔ یہ جھیل بہت خراب حالت میں تھی ، جس میں خودرو پودے ہوگئے تھے اور کچرا ڈالا جارہا تھا ۔ اس کی صفائی کرتے ہوئے اس کی حالت کو از سر نو بہتر بنایا گیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے 15 دن میں اس کام کو مکمل کیا اور اس سے تقریبا 20 ٹن آبی سنبل کو نکالا گیا ۔ اس کے بعد اس کے کناروں کو بہتر بنانے کا کام شروع کیا گیا ۔ جی ایچ ایم سی کے اینٹامولوجی ونگ کی جانب سے اس جھیل میں اینٹی ۔ لارول کام کئے جارہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی چیف اینٹامولوجسٹ رام بابو نے کہا کہ ’ جھیل میں جراثیم کش کیمیکلس کے چھڑکاؤ ، کے لیے ڈرونس کا بھی استعمال کیا گیا ۔ اس جھیل اور اس کے قریب مچھروں کی افزائش کے تدارک کے لیے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں ‘ ۔ اس جھیل کے علاوہ اس سے متصل حدا پارک کو بھی ترقی دی جائے گی ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اس جھیل کے قریب 40 کالونیز میں رہنے والے کوئی تین لاکھ افراد اس جھیل اور پارک کی حالت کو از سر نو بہتر بنانے سے مستفید ہوں گے جہاں انہیں تازہ ہوا میں چہل قدمی کرنے کا موقع حاصل ہوگا جو ان کی بہتر صحت کے لیے نہایت مفید ہے ۔ اس جھیل کی بحالی کا کام ایک شہری کی جانب سے اس سلسلہ میں وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ کو ٹوئیٹر کے ذریعہ توجہ دلانے کے بعد شروع کیا گیا جس پر وزیر موصوف نے مئیر جی وجئے لکشمی کو اس تالاب کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی ۔ مئیر نے اس جھیل کو ایڈاپٹ کیا اور اس کی بحالی کے کام کی نگرانی بھی کی ۔ اس جھیل کو ایک نیا انداز دینے کے لیے انہوں نے جائزہ اجلاس منعقد کئے اور اس مقام کا برسر موقع جائزہ لینے کے لیے دورے بھی کئے ۔۔