درگاہ یوسفینؒ کے احاطہ میں بارش کا پانی داخل ، حسین ساگر کی سطح خطرہ کے نشان سے اوپر
حیدرآباد۔24جولائی (سیاست نیوز)شہر حیدرآباد میں آج شام گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی۔اس دوران بجلی گرنے سے400 سالہ قدیم تاریخی قطب شاہی مسجد، لنگرہاوز کے مینار کو نقصان پہنچا اور مسجد کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی عہدیداروں نے مسجد کا معائنہ کیا اور مسجد میں ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔مسجد کے مصلیوں نے بتایا کہ بجلی گرنے سے مسجد کے مینار کو نقصان پہنچا اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ اسی دوران یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ نامپلی میں واقع درگاہ یوسفین ؐ کے احاطہ میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا ہے جس سے زائرین کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ۔ شہر میںبارش سے جہاں ذخائر آب لبریز ہو چکے ہیں وہیں حسین ساگر میں پانی خطرہ کے نشان سے اوپر پہنچ چکا ہے۔ حسین ساگر میں جمع پانی کے سلسلہ میں محکمہ آبرسانی نے بتا یا کہ حسین ساگر کی مکمل سطح آب 513.41 ہے اور آج ہونے والی 45منٹ کی بارش کے بعدسطح آب 513.30 تک پہنچ چکی ہے۔ حسین ساگر کے لبریز ہونے کے ساتھ ہی اشوک نگر اور دیگر نشیبی علاقوں کے مکینوں کے لئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حسین ساگر سے پانی کے اخراج کو مزید تیز کرنے کے اقدامات کئے جا سکتے ہیں اسی لئے شہریوں کو چوکس رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے حسین ساگر میں جمع ہورہے پانی کو کم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا جا رہاہے کہ اگر رات دیر گئے تک بارش کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں حسین ساگر سے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جائیں گے۔م