حیدرآباد 19 مارچ (سیاست نیوز) ایم ایم ٹی ایس حیدرآباد آج اُس وقت اچانک پٹریوں سے اُتر گئی جب وہ لنگم پلی سے حفیظ پیٹ ریلوے اسٹیشن کی طرف جارہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم ایم ٹی ایس ٹرین نمبر 47141 لنگم پلی حیدرآباد ایم ایم ٹی ایس آج شام ساڑھے پانچ بجے حفیظ پیٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں سے اُتر گئی۔ اِس حادثہ میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا لیکن ریلوے عملہ چوکسی اختیار کرتے ہوئے حرکت میں آگیا اور جائے حادثہ میں ریلیف ٹرین روانہ کرکے مسافروں کو اُن کے مقررہ مقامات پر منتقل کیا۔ اِس واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریلوے کے اعلیٰ عہدیدار بھی وہاں پہونچ گئے اور ٹرین کے پٹریوں سے اُترنے کی وجہ کا پتہ لگانے کی تحقیقات شروع کردی۔ اِس حادثہ کے نتیجہ میں آج شام بعض ایم ایم ٹی ایس ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔