یلاریڈی ۔29 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محکمہ صحراء عہدیداروں نے ایک کسان کو وراثت میں ملی پٹہ اراضی پر ہریتا ہارم کے تحت پودوں کی شجرکاری کرنے پر کسان کے سوال کرنے پر اسے ہراساں کیا جانے لگا جس سے دلبرداشتہ کسان کا اقدام خودکشی کرنے کا افسوسناک واقعہ منڈل لنگم پیٹ کے علاقہ ممباجی پیٹ میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق موضلع سے تعلق رکھنے والا وجئے کمار کے باپ کے نام پر سروے نمبر 99 میں دو ایکڑ 20 گنٹہ اراضی موجود ہے ۔ وجئے کمار کے باپ کی اراضی وراثتی منتقلی کرکے پٹہ کا پاس بک بیوہ کلووا کے نام آئی اور گزشتہ 50 سال سے کسان اس اراضی پر کاشت کرتے آرہا ہے ۔ خریف سیزن میں کاشت نہ کرنے دیتے ہوئے محکمہ صحراء حائل ہونے پر ضلع کلکٹر سے شکایت کی جس پر سروے آفیسر امبرسنگھ موضع پہنچ کر محکمہ صحراء عہدیداروں ، سرپنچ سواپنا کی موجودگی میں سروے کیا اور ہفتہ بھر میں سروے کی رپورٹ محکمہ ریونیو اور محکمہ صحراء کے حوالے کی جس کے بعد محکمہ صحراء کے عہدیداروں نے اس اراضی پر ہریتا ہارم کے تحت پودوں کی شجرکاری کرنے پر دلبرداشتہ کسان وجئے کمار سب کے سامنے ہی کیڑے مارنے والی زہریلی دوا پی کر اقدام خودکشی کی ۔ وجئے کمار کی بیوی بھاگیہ لکشمی نے بھی اقدام خودکشی کرتے ہوئے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگالینے کی کوشش کی لیکن مقامی لوگوں نے اسے روک لیا ۔ محکمہ صحراکے عہدیداروں کی ہراسانی سے تنگ آکر شوہر بیوی کے اقدام خودکشی پر علاقہ کی عوام میں برہمی پیدا ہوگئی اور حالات کشیدہ ہوگئے ۔ وجئے کمار کو دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ۔ وجئے کمار کی بیوی نے شکایت کی کہ اس کے شوہر وجئے کمار کو محکمہ صحراء کے عہدیدار فیروز خان ، پرتھیوی راج ، ونود ، ایف آر او اومکار گزشتہ دوماہ سے ہراساں کررہے ہیں ۔