لنگوجی گوڑہ بلدی وارڈ میں کانگریس کی کامیابی میں ریونت ریڈی کا اہم رول

   

ملکاجگری میں تین ڈیویژن کانگریس کے پاس، نو منتخب کارپوریٹر کی پارٹی قائدین سے ملاقات
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لنگوجی گوڑہ وارڈ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار ڈی راج شیکھر ریڈی نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہ نشست بی جے پی سے چھین لی ہے ۔ حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کے تحت آنے والے لنگوجی گوڑہ ڈیویژن میں رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی خصوصی توجہ کے نتیجہ میں کانگریس امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ ریونت ریڈی کے حامی راج شیکھر ریڈی نے انتخابی مہم میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ریونت ریڈی کی عوامی خدمات کے عوض میں عوام سے کانگریس کی تائید کی اپیل کی گئی ۔ راج شیکھر ریڈی نے کامیابی کے حصول کے بعد سرٹیفکٹ کے ساتھ رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پارٹی قائدین نے گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کی ایک نشست میں اضافہ پر مسرت کا اظہار کیا۔ کارپوریشن میں فی الوقت کانگریس کے دو ارکان ہیں اور لنگوجی گوڑہ میں کامیابی کے بعد کانگریس ارکان کی تعداد بڑھ کر تین ہوچکی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام تینوں ڈیویژن حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کے تحت ہیں جس کی نمائندگی ریونت ریڈی کرتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے اپنے پارلیمانی حلقہ میں تین وارڈس پر کانگریس کو کامیاب کرتے ہوئے کارکنوں کا حوصلہ بلند کیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کا کیڈر مستحکم ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ قائدین کی جانب سے کارکنوں کی حوصلہ افزائی اور بہتر رہنمائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر حکومت سے سخت ناراض ہیں اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کا اقتدار یقینی رہے گا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس اعلیٰ کمان کو تلنگانہ میں کسی متحرک قائد کو پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کرنا چاہئے۔ نئے صدر کے انتخاب میں تاخیر کے نتیجہ میں پارٹی کیڈر اور قائدین میں الجھن پائی جاتی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ نئے صدرکے بارے میں ہائی کمان بہت جلد فیصلہ کرے گا۔