ایٹہ،9 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع ایٹہ میں ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل ٹرسٹ گھوٹالہ میں ملزم سابق مرکزی وزیر و کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید کی بیوی لوئس خورشید کی عبوری ضمانت کی عرضی پر سماعت 14 اکتوبر کوہوگی۔ٹرسٹ کی ڈائرکٹر محترمہ خورشید اور سکریٹری طاہر فاروقی معذورین کے لئے مختلف آلات کے تقسیم میں ہوئے گھپلے کے ملزم ہیں۔ دونوں کی عبوری ضمانت کی سماعت بدھ کو ایٹہ کے اڈیشنل ضلع اینڈ سیشن کورٹ میں ہونی تھی لیکن وکیلوں کی ہڑتال کی وجہ سے لوئس خورشید کے وکیل آلوک تیواری عدالت میں بحث کے لئے پیش نہیں ہوئے ۔ اس معاملے میں انٹری سپیٹی بیل کے لئے سماعت اب 14 اکتوبر کو ہوگی۔فرخ آباد کے قائم گنج اسمبلی حلقے سے کانگریس کی سابق ایم ایل اے لوئس خورشید کے وکیل آلوک تیواری کے مطابق ان کی موکل کا نام پہلے انفارمیشن نوٹس میں نہیں تھا۔ اس معاملے میں پرتیوش شکلا نامی شخص پر دو افسران،تحصیل دار علی گنج اور چیف میڈیکل افسر ایٹہ کے فرضی دستخط بنانے کے الزام ہیں۔