لولوگروپ کا تلنگانہ میں 3500 کروڑ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

,

   

lکوکٹ پلی میں پہلے ہائپر مارکٹ کا کے ٹی آر کے ہاتھوں افتتاح
lصدرنشین گروپ محمد یوسف علی اور قونصل جنرل متحدہ عرب امارات کی شرکت

حیدرآباد ۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) لولو گروپ انٹرنیشنل کے تلنگانہ میں پہلے ہائپر مارکٹ کا آج حیدرآباد میں افتتاح عمل میں آیا۔ کوکٹ پلی کے علاقہ میں قائم کئے گئے لولو مال کا ریاستی وزیر آئی ٹی کے راماراؤ نے افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر صدرنشین لولوگروپ انٹرنیشنل محمد یوسف علی اور قونصل جنرل متحدہ عرب امارات و دیگر موجود تھے۔ کے ٹی آر نے اپنے خطاب کے دوران لولو گروپ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ریاستی حکومت کی دعوت پر لولو گروپ نے سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے جناب یوسف لولو کی خدمات کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ لولو گروپ کو ریاست میں تجارت کیلئے سازگار ماحول اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ لولو گروپ ریاست میں 3500 کروڑ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتا ہے اور کوکٹ پلی میں لولو مال کا افتتاح ان کے کاروبار کی شروعات ہے۔ مالس اور سوپر مارکٹس کے علاوہ فوڈ پراسیسنگ میں بھی لولو گروپ نے کافی دلچسپی دکھائی ہے جس سے ریاست کے کسانوں اور زرعی شعبہ سے وابستہ افراد کو کافی فائدہ ہوگا۔ بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگی اور حکومت ان اقدامات کیلئے اپنا بھرپور تعاون پیش کرے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ صنعتوں کی ترقی اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے حکومت تلنگانہ ممکنہ تعاون پیش کرے گی۔ فوڈ پراسیسنگ انڈسٹریز اور فش پراسیسنگ کے علاوہ سی فوڈ انڈسٹری کو بھی فروغ دینے کا منصوبہ ہے۔ لولو گروپ کے صدرنشین یوسف علی لولو کے متعلق انہوں نے کہا کہ کیرالا سے تعلق رکھنے والے یوسف بھائی نے دوبئی سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا اور آج بین الاقوامی سطح پر لولو گروپ کے 1270 ہائپر مارکٹ اور 24 شاپنگ مالس ہیں۔ اس موقع پر صدرنشین لولو گروپ انٹرنیشنل جناب محمد یوسف علی لولو نے کہا کہ حیدرآباد میں لولو مال اپنے کاروبار کا آغاز ہے اور آئندہ گروپ کی جانب سے تین ہزار پانچ سو کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ فوڈ پراسیسنگ۔ فش اور سی فوڈ کو اہمیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین سالوں کے درمیان گروپ کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں 3500 کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ جناب یوسف علی نے ڈاوز میں کے ٹی آر سے ملاقات کی یاد تازہ کی اور اس ملاقات کے
تعلق سے بتایا کہ کے ٹی آر ایک سخت محنت اور ترقی کیلئے کافی جدوجہد کرنے والی شخصیت ہے۔ ڈاوز میں ملاقات کے دوران انہیں ریاست میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی تھی اور کے ٹی آر کے تجربہ اور کام کرنے کے انداز سے لولو گروپ کافی متاثر ہوا اور سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ علاقہ میں واقع لولو مال میں 75 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی برانڈس کو دستیاب رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دی اسکرین سنیما جس میں 14 سو افراد کی گنجائش رہے گی، ملٹی کو زین فوڈ کورٹ اور بچوں کیلئے تفریح مرکز کو قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ایم کرشنا، سابق رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم، جابر پٹیل، عبدالمقید چندا، لولو گروپ سے اشراف، سلیم، الطاف، اننت و دیگر موجود تھے۔ع