سوشیل میڈیا میں ویڈیو وائرل، تعطیلات کے سبب ہجوم پر قابو پانے میں ناکامی
حیدرآباد۔/3 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے کوکٹ پلی علاقہ میں نیا قائم کردہ لولو مال غیر معمولی شہرت اختیار کرچکا ہے۔ تعطیلات کے موقع پر مال میں گنجائش سے کہیں زیادہ ہجوم جمع ہوگیا اور سیکوریٹی اسٹاف کو کنٹرول کرنے میں ناکامی ہوئی۔ مال میں موجود افراد میں معمولی بھگدڑ دیکھی گئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اشرار نے مال سے غذائی اشیاء اور دیگر سامان کو لوٹ لیا۔ مال میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں میں تصاویر قید ہوگئیں جس میں خریداروں کے بھیس میں موجود اشرار کو کھانے پینے کی اشیاء لوٹتے ہوئے دیکھا گیا اور مال کے غذائی اشیاء سے متعلق تمام ریکس اور اسٹوریج میں خالی بوتلیں اور نصف استعمال کردہ غذائی اشیاء پائی گئیں۔ یہ مناظر سوشیل میڈیا میں وائرل ہوگئے جس پر عوام نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ 27 ستمبر کو وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے لولومال کا افتتاح کیا اور مال میں تمام اشیاء پر غیر معمولی ڈسکاؤنٹ کے ساتھ فروخت کا آغاز ہوا۔ پہلے دن سے ہی غیر معمولی ہجوم دیکھا جارہا تھا۔ اتوار اور پیر کو تعطیلات کے سبب ہفتہ سے ہی بے قابو ہجوم دیکھا گیا اور مال کے ذمہ داروں نے تنگ دامنی کے باوجود گاہکوں کو نہیں روکا جس کے نتیجہ میں غذائی اشیاء کو لوٹنے اور انہیں کھاجانے جیسے واقعات پیش آئے جس سے حیدرآباد کی شبیہ متاثر ہوئی ہے۔ سیکوریٹی حکام اور عینی شاہدین کا کہنا ہے ہجوم کے ایک حصہ نے پیاکیج گڈس، ڈرنکس اور دیگر اشیاء کو لوٹنا شروع کیا اور مال کے شیلفس کو نقصان پہنچایا گیا۔ غذائی اشیاء سے متعلق گوشہ میں خالی بوتلیں اور خالی ٹِنس بکھرے پڑے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اشرار نے بسکٹس، سافٹ ڈرنکس، فروٹس اور دیگر غذائی اشیاء کو جبراً حاصل کرلیا اور انہیں وہیں استعمال کیا یا پھر لے کر چلتے بنے۔ بتایا جاتا ہے کہ مال کے حکام کو اس غیر معمولی ہجوم کی توقع نہیں تھی اور سیکوریٹی اسٹاف کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی ناکافی ہیں۔ مال کے باہر پارکنگ کے نتیجہ میں ٹریفک میں بھی کافی خلل پڑا۔