نئی دہلی :مرکزی وزارت خزانہ نے قرضوں کی وصولی کی مدت کے دوران سود پر سود میں چھوٹ کیلئے رہنما اصول جاری کر دیئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے اس اقدام سے 2 کروڑ تک قرض لینے والوں کو فائدہ ہوگا۔ اس اسکیم کے تحت یکم مارچ سے 31 اگست تک قرض کی وصولی کی مدت کے دوران صارفین سے 2 کروڑ روپے تک کے قرضوں پر لیا جانے والا سود واپس کر دیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں سماعت کرتے ہوئے حکومت سے جلد از جلد اقدامات کرنے کو کہا تھا۔محکمہ مالیاتی خدمات کے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق ایسے قرض دہندگان جن کا کل قرض 29 فروری تک 2 کروڑ روپے سے کم تھا، وہ اس چھوٹ کا فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ اسکیم ایم ایس ایم ای (مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں) اور ذاتی قرضوں کے لئے ہے۔
