لوور میڈل کلاس طبقہ کی آمدنی میں حیدرآباد ملک میں سرفہرست

   

جاریہ سال ماہانہ آمدنی 44,000 درج کی گئی۔ لازمی اخراجات کے معاملہ میں بھی حیدرآباد کو پہلا مقام، خانگی ادارہ کے سروے میں انکشاف
حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) ہندوستان میں لوور میڈل کلاس طبقہ کی آمدنی کے اعتبار سے حیدرآباد سرفہرست ہے۔ جاریہ سال حیدرآباد کے لوور میڈل کلاس کی ماہانہ اوسط آمدنی میں 4.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ یہ قابل لحاظ اضافہ خوش آئند اور لوور میڈل کلاس کی بہتر صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔ ملک کے ایک خانگی ادارہ نے غریبوں اور لوور میڈل کلاس طبقہ کی ملک میں آمدنی کا جائزہ لینے کے لئے ایک سروے کیا۔ سروے میں حیدرآباد سرفہرست رہا جبکہ پونے کو دوسرا مقام حاصل ہوا۔ سروے کے مطابق حیدرآباد میں لوور میڈل کلاس طبقہ کی ماہانہ آمدنی اوسطاً 44,000 ہے جبکہ پونے میں ماہانہ اوسط آمدنی 39,000 درج کی گئی۔ 2023 ء کا تقابل کرتے ہوئے جاریہ سال بڑے شہروں میں متوسط طبقہ کی آمدنی کی تفصیلات کے ساتھ سروے رپورٹ جاری کی گئی۔ حیدرآباد میں 2023 ء میں لوور میڈل کلاس طبقہ کی ماہانہ آمدنی 42,000 درج کی گئی تھی جو جاریہ سال بڑھ کر 44,000 ہوچکی ہے۔ پونے میں گزشتہ سال 35,000 ماہانہ آمدنی تھی جو جاریہ سال بڑھ کر 39,000 ہوچکی ہے۔ بنگلور تیسرے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ سال 35,000 ماہانہ آمدنی درج کی گئی تھی جو جاریہ سال بڑھ کر 38,000 ہوچکی ہے۔ دہرہ دون چوتھے اور جئے پور پانچویں نمبر پر ہے جبکہ ممبئی، احمدآباد، چینائی، کولکتہ اور پٹنہ شہروں کا ان کے بعد نمبر آتا ہے۔ بھوپال، چندی گڑھ، لدھیانہ، رانچی، لکھنؤ اور کوچی کا بھی تقابلی سروے کیا گیا۔ ہندوستان کے بڑے شہروں میں لوور میڈل کلاس کی آمدنی کے اعتبار سے کوچی آخری نمبر پر ہے۔ اوسط خاندانوں کے طے شدہ اخراجات کے معاملہ میں بھی حیدرآباد سرفہرست رہا۔ گزشتہ سال ماہانہ 19,000 روپئے طے شدہ لازمی اخراجات تھے جو جاریہ سال بڑھ کر 24,000 ہوچکے ہیں۔ لازمی اخراجات میں کرایہ، رہن کی رقم، ٹرانسپورٹیشن، گھریلو ضرورتیں، ہیلت کیئر اور تعلیم شامل ہیں۔ لازمی اخراجات کے معاملہ میں پونے دوسرے اور بنگلور تیسرے نمبر پر ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ لازمی اخراجات کے تحت 50 فیصد رقم ہر ماہ غذا، تعلیم اور رہائش پر خرچ کی جاتی ہے۔ سروے کے مطابق ممبئی میں اوسط طبقہ کی ماہانہ آمدنی 2023 ء میں 32,000 ریکارڈ کی گئی تھی جو جاریہ سال بڑھ کر 33,000 ہوئی ہے۔ گجرات کی صورتحال بھی ممبئی کے مساوی ہے۔ چینائی میں گزشتہ سال ماہانہ آمدنی 29,000 تھی جو جاریہ سال بڑھ کر 32,000 ہوچکی ہے۔ کولکتہ کی آمدنی بھی چینائی کی طرح درج کی گئی۔ دہلی این سی آر میں گزشتہ سال 30,000 اوسط آمدنی تھی جو جاریہ سال بڑھ کر 32,000 ہوچکی ہے۔ سروے کے مطابق ہندوستان کے اہم شہروں میں اوسط طبقات کی معاشی صورتحال گزشتہ سال کے مقابلہ بہتر ہوئی ہے تاہم اخراجات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ سروے میں اضافی اخراجات کی وجوہات کے بارے میں کوئی نشاندہی نہیں کی گئی۔ 1