لوٹس پانڈ پُرکشش، تفریحی مقام میں تبدیل،سبزہ زار قدرت کا بہترین ماحول، سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ

   

حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) شہر کے سیاحتی اور تفریحی مراکز میں شمار کئے جانے والے لوٹس پانڈ کی جدید صورت گیری شہریوں کیلئے دلچسپی کا موجب بن گئی ہے۔ حالیہ دنوں خستہ حالی اور لاپرواہی کا شکار اس جھیل کو عہدیداروں نے ترقی دیتے ہوئے پرکشش بنادیا ہے جو اپنی خوبصورتی اور قدرتی حیثیت سے شہریوں کو اپنی جانب راغب کرنے کا سبب بن گئی ہے۔ اس جھیل کے درمیان میں فلوٹنگ آئی لینڈ کو تعمیر کیا گیا ہے اور جھیل مغربی ممالک کی جھلک پیش کررہی ہے۔ جھیل کے اطراف سبزہ زار قدرتی درخت و جھاڑیاں بہترین ماحول کو پیش کرتی ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس جھیل میں پانی کی صفائی کیلئے الیٹرس کو قائم کیا گیا جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں جس کے علاوہ جھیل کے اطراف موجودہ واکنگ ٹریک چل قدمی کی سہولت جو پہلے سے موجود تھی۔ مزید سہولت بخش اور پُرکشش انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ سمندر کے کنارے بیچ جیسی کیفیت پیش کرنے والے مناظر، نئے انداز کے ٹیبل بنچیں اور اسٹریٹ لائیٹس لوٹس پانڈ کی خوبصورتی میں چار چاند لگانے کے مانند ثابت ہورہے ہیں۔ لوٹس پانڈ مارننگ واک کیلئے شہریوں کیلئے کھول دیا جاتا ہے۔ لوٹس پانڈ کے اطراف موجودہ عمارتیں اور قریبی علاقہ کے درمیان موجودہ یہ جھیل اپنے آپ میں ایک منفرد اہمیت کے حامل ہے۔ لوٹس پانڈ کی جدید تصاویر کو زونل کمشنر نے اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور وزیر کے ٹی آر نے بھی اس کی تعریف کردی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایسے مزید اقدامات کو اہمیت دیں۔ A