لوٹس پاونڈ کی صاف صفائی و آہک پاشی کا آغاز

   

پاونڈ کو تعفن سے پاک بنانے کاموں میں سرعت ، جی ایچ ایم سی
حیدرآباد۔ بنجارہ ہلز میں واقع ایم ایل اے کالونی میں موجود لوٹس پاؤنڈ کی صفائی اور اس کو گندگی سے پاک کرنے کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہدایات کے بعد جی ایچ ایم سی نے اندرون 15یوم ان کامو ںکو مکمل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ایم ایل اے کالونی اور لوٹس پاؤنڈ کے اطراف واکناف کے مکینوں کی جانب سے متعدد مرتبہ ریاستی بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ سے شکایت کے بعد مسٹر کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ لوٹس پاؤنڈ کی صفائی کے عمل کو بہتر بنانے کے علاوہ جلد از جلد اس پاؤنڈ کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ کی جانب سے ہدایات جاری کئے جانے کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے لوٹس پاؤنڈ کی صفائی کے کاموں کو شروع کردیاگیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ لوٹس پاؤنڈ میں گندگی کے سبب اطراف و اکناف کے علاقوں میں بدبو و تعفن کے سبب مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا علاوہ ازیں لوٹس پاؤنڈ میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں علاقہ کے مکین چہل قدمی کے لئے پہنچتے ہیںانہوں بھی بدبو و تعفن کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے اہم ترین پراجکٹس میں لوٹس پاؤنڈ کا پراجکٹ شامل کیا گیا ہے کیونکہ یہ شہر کے سرکردہ علاقہ میں موجود ہے اور اس کے اطراف بھی کئی تجارتی مراکز کے قیام کے سلسلہ میں تاجرین کی جانب سے دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہاہے ۔ مسٹر بی بالیا نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے لوٹس پاؤنڈ کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ اس تالاب میں اگنے والی خودرو جھاڑیوں اور بیلوں کی صفائی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ انہو ں نے بتایا کہ پانی میں اگنے والے خوددرو بیلوں اورپودوں کی صفائی کے ساتھ پاؤنڈ کو خوبصورت اور تفریحی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ لوٹس پاؤنڈکی صفائی کے ساتھ پاؤنڈ کے حصہ میں موجود چھوٹے چھوٹے برج تعمیر کئے گئے تھے لیکن کافی عرصہ گذرنے کے سبب ان برجس میں شگاف دیکھے جانے لگے ہیں اور وہ کمزور ہوچکے ہیں اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان برجس کی مرمت اور آہک پاشی کے علاوہ نئے پودوں اور خوبصورت مجسموں کی تنصیب کے سلسلہ میں بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس پراجکٹ کے متعلق بلدی عہدیداروں کی جانب سے منظوریوں کے حصول کا سلسلہ جاری ہے۔