لوکاشینکو کی خفیہ تقریب میں چھٹی مرتبہ حلف برداری

   

منسک : سیاسی بحران اور عوامی مظاہروں کی زد میں آئے ہوئے ملک بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو نے ایک خفیہ تقریب میں چھٹی مرتبہ صدارتی عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس حلف برداری کی سرکاری نیوز ایجنسی بَیلٹا نے تصدیق کر دی ہے۔ ایسا کوئی قبل از وقت سرکاری اعلان نہیں کیا گیا تھا کہ لوکاشینکو دوبارہ منتخب ہونے والے صدر کے طور پر حلف اٹھا رہے تھے۔ 9 اگست کے متنازعہ صدارتی الیکشن میں ایک بار پھر لوکاشینکو کی کامیابی کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں عوامی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ 66 سالہ لوکاشینکو گزشتہ 26 برسوں سے اقتدار میں ہیں۔ اپوزیشن کی خاتون لیڈر سوَیتلانا تِیخانوفسکایا کے مطابق یہ الیکشن دراصل انہوں نے جیتا تھا۔ روسی صدر پوٹن لوکاشینکو کے بہت بڑے حمایتی ہیں۔