حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں سابق چیف منسٹر اور صدر تلگودیشم این چندرابابو نائیڈو کی گرفتاری کے بعد تلگودیشم کی قیادت کے مسئلہ پر قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں۔ نائیڈو کے بعد اُن کے فرزند نارا لوکیش کی گرفتاری کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ایسے میں تلگودیشم قائدین نے واضح کیاکہ اگر پارٹی جنرل سکریٹری نارا لوکیش کو گرفتار کیا گیا تو اُن کی اہلیہ نارا برہمنی پارٹی کی کمان سنبھالیں گی۔ تلگودیشم کے پولیٹ بیورو رکن اینا پاتروڈو نے چندرابابو نائیڈو کی گرفتاری کے خلاف منعقدہ احتجاج میں یہ اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ نئی دہلی سے راجمندری واپسی کے بعد نارا لوکیش کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ دہلی اور وجئے واڑہ میں پارٹی قائدین نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ چندرابابو نائیڈو کی طرح لوکیش بھی جیل جانے تیار ہیں۔ حکومت، تلگودیشم کو نقصان پہنچانے کے لئے انتقامی کارروائی کررہی ہے۔ اینا پاتروڈو نے کہاکہ تلگودیشم میں قائدین اور قیادت کا کوئی فقدان نہیں ہے۔ ایسی صورتحال پیدا ہونے پر نارا برہمنی پارٹی کی قیادت کریں گی۔ واضح رہے کہ چندرابابو نائیڈو کی گرفتاری کے وقت نارا لوکیش ریاست گیر پدیاترا پر تھے۔ اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں سی آئی ڈی نارا لوکیش کو گرفتار کرنے کی تیاری کررہی ہے۔