راج بھون میں تقریب، چیف منسٹر اور دیگر اہم شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد 28 اپریل (سیاست نیوز) گورنر جشنودیو ورما نے آج راج بھون میں جسٹس اے راج شیکھر ریڈی اور بی ایس جگجیون کمار کو تلنگانہ کے لوک آیوکت اور اُپ لوک آیوکت کے عہدوں کا حلف دلایا۔ اِس سلسلہ میں راج بھون میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ تلنگانہ ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس اے راج شیکھر ریڈی جبکہ ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جگجیون کمار کو حکومت نے 5 سالہ میعاد کے لئے تلنگانہ کا لوک آیوکت اور اُپ لوک آیوکت مقرر کیا ہے۔ جسٹس راج شیکھر ریڈی اور جگجیون کمار نے انگریزی میں خدا کے نام پر حلف لیا۔ لوک آیوکت کے رجسٹرار نے احکامات تقرر پڑھ کر سنائے اور کارروائی چلائی۔ تقریب کا آغاز اور اختتام قومی ترانہ پر ہوا۔ حلف برداری تقریب میں اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار، صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری، حکومت کے مشیر برائے عوامی اُمور ڈاکٹر کے کیشو راؤ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جیتندر، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، صدرنشین فارمرس کمیشن کودنڈا ریڈی، صدرنشین انسانی حقوق کمیشن جسٹس شمیم اختر، چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی اور دیگر شخصیتوں نے حلف برداری تقریب میں شرکت کی اور نئے لوک آیوکت اور اُپ لوک آیوکت کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ لوک آیوکت ادارہ عوام کے اعتماد پر پورا اُترے گا اور حکومت کی شفافیت برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔1