نئی دہلی : دہلی میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے عام آدمی پارٹی نے کانگریس کو تین سیٹوں کی پیشکش کی ہے۔ اس پر تقریباً اتفاق رائے ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عام آدمی پارٹی نے چاندنی چوک ، مشرقی دہلی اور شمال مشرقی سیٹیں کانگریس کو دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ دونوں پارٹیوں نے آپ کی تین سیٹوں کی پیشکش پر اتفاق کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی نئی دہلی، جنوبی دہلی، مغربی دہلی اور شمال مغربی دہلی کی سیٹوں سے الیکشن لڑ سکتی ہے۔واضح ہوکہ کانگریس کو ایسی سیٹیں ملی ہیں جہاں مسلم آبادی زیادہ ہے۔ یہ پہلو بھی غور طلب ہے کہ گزشتہ اسمبلی اور کارپوریشن انتخابات میں عام آدمی پارٹی ایسی بیشتر سیٹیں ہار گئی تھی جہاں مسلم آبادی زیادہ ہے۔ یہ ووٹ کانگریس کی طرف گیا تھا۔دوسری جانب پنجاب میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے باہمی طور پر الگ الگ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اروندکجریوال نے کہا تھا کہ ہمارے درمیان کوئی دراڑ نہیں ہے۔دہلی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کے امکان پر صحافیوں کے پوچھے گئے سوال پر، کجریوال نے منگل کو کہا تھا کہ بہت دیر ہوچکی ہے، یہ بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ دہلی کانگریس کے صدر ارویندر سنگھ لولی نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی دہلی کی تمام سات سیٹوں پر انتخابات کے لیے تیار ہے۔ عآپ نے پہلے کہا تھا کہ وہ گجرات، ہریانہ، دہلی اور گوا میں اتحاد کے لیے انڈیا اتحادی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔آپ کے قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) سندیپ پاٹھک نے اب تک گجرات اور آسام میں دو دو اور گوا میں ایک سیٹ کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔