گوکل پوری اور مصطفیٰ آباد میں کنہیا کمارکا کارنر میٹنگ سے خطاب
نئی دہلی : کانگریس قائدکنہیا کمار نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں ہم نے دیکھا کہ کس طرح وزیر اعظم مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت نے سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے جمہوری اداروں کو کمزور کیا، کس طرح حکومت عالمی وبا کورونا وائرس کے دور میں آکسیجن فراہم کرنے میں ناکام رہی اور لاکھوں مزدوروں کو سڑکوں پر لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی عوام مخالف پالیسوں کے سبب آج ہندوستانی عوام سخت پریشان ہیں اور بدلاؤ چاہتے ہیں۔گوکل پوری کے بعد کنہیا کمار مصطفیٰ آباد اسمبلی کے برج پوری میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں پہنچے جہاں انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور وہاں کے مسائل کو بغور سنا۔ نکڑ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کنہیا کمار نے کہا کہ انڈیا اتحاد میں ایک اہم جزو کے طور پر کانگریس پارٹی اپنے ’نیائے پتر کے ذریعے ملک کے ہر فرد کو انصاف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس لیے میں آپ سب سے اپیل ہے کہ انصاف اور جمہوریت کی اس لڑائی میں ہمارے اتحادی بنیں اور اس لوک سبھا انتخاب میں کانگریس پارٹی و انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو پرجوش طریقے سے ووٹ دیں۔
چھتیس گڑھ میں انکاونٹر‘نکسلائیٹ ہلاک
بیجا پور: چھتیس گڑھ کے دھامتری اور گریابند اضلاع کی سرحد کے ساتھ جنگلات میں سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ تصادم میں ایک نکسلائیٹ مارا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ہفتہ کودھمتری کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انجنیا ورشنے نے بتایا کہ دوپہر کو گولی باری اس وقت ہوئی جب دھمتری سے ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ کی ایک ٹیم بین ضلعی سرحد پر نکسل مخالف آپریشن پر تھی۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد دارالحکومت رائے پور سے 150 کلومیٹر سے زیادہ دور واقع مقام سے ایک نکسلائیٹ کی نعش برآمد ہوئی ہے۔بیجاپور ضلع جمعہ کو فائرنگ کے تبادلہ کے بعد 12 نکسلیوں کو گولی مار دی گئی۔ اس طرح دو دنوں میں جملہ 13نکسلائٹس پولیس کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہوئے ہیں ۔جاریہ سال تاحال مختلف انکاونٹرس میں 104نکسلائٹس کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔