لوک سبھا الیکشن : مجلس کے جھارکھنڈ میں 2 امیدوار،حیدرآباد کے بشمول کل 17 حلقوں میں مقابلہ

   

حیدرآباد۔ 7 ۔ مئی ۔(سیاست نیوز) مجلس اتحاد المسلمین بہار سے 10 ‘ مہاراشٹرا سے 4 اور تلنگانہ سے ایک امیدوار کے بعد اب جھارکھنڈ سے اپنے دو امیدواروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں جھارکھنڈ ریاستی مجلس اتحاد المسلمین کے صدر محمد شاکر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ حلقہ لوک سبھا راج محل سے پارٹی نے پال سورین کو اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آئندہ چند یوم کے دوران حلقہ لوک سبھا گوڈڈا سے بھی مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ گذشتہ دنوں صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ایک چیانل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جھارکھنڈ میں بھی مجلس دو نشستوں پر انتخابات میں حصہ لے گی اور اب پال سورین کو لوک سبھا راج محل سے ٹکٹ دینے کا اعلان کیا جاچکا ہے اور کہا جارہا ہے کہ گوڈڈا سے مسلم امیدوار کے نام کا آئندہ دو یوم کے دوران کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حلقہ لوک سبھا راج محل ریاست جھاکھنڈ سے مجلسی امیدوار پال سورین نے 13مئی کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح مجلس اتحاد المسلمین عام انتخابات 2024 میں اب تک 17حلقہ جات لوک سبھا سے مقابلہ کرنے اور گجرات میں امیت شاہ سے مقابلہ کر رہی امیدوارہ کو تائید فراہم کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔3