لوک سبھا الیکشن میں اظہرالدین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

,

   

سابق کپتان کی راہول اور پرینکا گاندھی سے ملاقات، کسی بھی حلقہ سے مقابلہ کیلئے تیار
حیدرآباد ۔ 6۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس اعلیٰ کمان نے لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہیں تلنگانہ کے کسی ایک حلقہ سے امیدوار بنانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ تاہم اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی پر چھوڑ دیا گیا ۔ اظہرالدین نے آج نئی دہلی میںصدر کانگریس راہول گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی سیاسی صورتحال اور کانگریس پارٹی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اظہرالدین نے واضح کیا کہ وہ ہائی کمان کی جانب سے الاٹ کردہ کسی بھی حلقہ سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس سے انتخابی مفاہمت کی صورت میں وہاں کے کسی حلقہ سے مقابلہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ۔ تاہم ہائی کمان نے اس بارے میں واضح جواب نہیں دیا ہے ۔ اے آئی سی سی سکریٹری مدھو یاشکی گوڑ نے نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے اظہرالدین کے نام کی تجویز پیش کی لیکن اظہرالدین اس حلقہ سے مقابلہ میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ان سے اس بارے میں مشاورت کے بغیر ہی نام پیش کردیا گیا ۔

وہ انتخاب لڑنے کے بارے میں ہائی کمان کے فیصلہ کے پابند رہیں گے ۔ نظام آباد سے چیف منسٹر کی دختر کویتا سے مقابلہ کیلئے ایک مسلم امیدوار کو میدان میں اتارنے کی کوششوں پر پارٹی حلقوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ قائدین کا کہنا ہے کہ اس حلقہ سے تعلق رکھنے والے مدھو یاشکی گوڑ کو مقابلہ کرنا چاہئے جو دو مرتبہ نظام آباد سے منتخب ہوچکے ہیں۔ مدھو یاشکی نے بھونگیر لوک سبھا حلقہ سے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ دوسری طرف حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے بارے میں کانگریس پارٹی میں 7 اہم دعویدار ہیں لیکن اعلیٰ کمان نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ بعض گوشوں کی جانب سے اظہرالدین کو امیدوار بنائے جانے کی پیش قیاسی کی گئی لیکن ہائی کمان کے قریبی ذرائع نے اس کی توثیق نہیں کی ہے۔ بعض اقلیتی قائدین بھی لوک سبھا حلقہ حیدرآباد کے ٹکٹ کیلئے مختلف سطح پر پیروی میں مصروف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان اس مرتبہ حیدرآباد سے کسی سنجیدہ اور طاقتور امیدوار کو میدان میں اتارنے کی تیاری کر رہی ہے۔