نئی دہلی : ملک میں لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلہ میں شام تک 59.06 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ تشدد کے اکادکا واقعات کی مغربی بنگال سے رپورٹ ملی ہے جہاں سب سے زیادہ پولنگ 78.19 فیصد بھی رپورٹ ہوئی ہے۔2019 میں چھٹے مرحلے میں ووٹ کی شرح 64.4 فیصد تھی۔ چھٹے مرحلہ میں8 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 58 لوک سبھا سیٹوں کیلئے 889 امیدواروں نے اپنی قسمت آزمائی کی ہے۔ ووٹنگ کا حتمی فیصد الیکشن کمیشن کچھ دن بعد جاری کرے گا۔ آج بیشتر مقامات پر ووٹنگ کا عمل پرامن طریقے سے انجام پا یا۔ مغربی بنگال اور جموں و کشمیر سے تشدد کی کچھ خبریں ملی ہیں۔ مغربی بنگال میں تو تشدد کے سبب ایک ٹی ایم سی کارکن کی موت ہو گئی۔ جن حلقوں میں آج ووٹنگ ہوئی ان میں یوپی میں 14، ہریانہ میں 10، بہار میں 8، دہلی میں 7، اوڈیشہ میں 6، جھارکھنڈ میں 4 اور جموں و کشمیر میں 1 لوک سبھا سیٹ شامل ہے۔چھٹے مرحلہ میں کئی مشہور ہستیوں کی قسمت داؤ پر ہے۔ این ڈی اے اور انڈیا دونوں ہی اتحاد کے لیے چھٹا مرحلہ انتہائی اہم ہے۔ ساتوان اور آخری مرحلہ یکم جون کو ہوگا اور 4جون کو نتائج کا اعلان ہوگا ۔
بی جے پی اور این ڈی اے اپنی جیت کا دعویٰ کررہی ہیں جبکہ انڈیا اتحاد بھی تشکیل حکومت کا دعوی کررہا ہے۔