لوک سبھا الیکشن کاآج چھٹا مرحلہ، 58 حلقوں میں پولنگ

,

   

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 58 پارلیمانی نشستوں اور اڑیسہ اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے 42 نشستوں پر ہفتہ کو ہونے والی ووٹنگ کے لئے ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔.الیکشن کمیشن نے جمعہ کو ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی ہے۔ چھٹے مرحلے میں دہلی کی سات سیٹوں سمیت تمام 58 سیٹوں پر صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ کچھ پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ کے اختتامی وقت میں تبدیلی کی جا سکتی ہے ۔چھٹے مرحلے میں جن میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، سابق مرکزی وزیر مینکا گاندھی، کانگریس لیڈر کنہیا کمار، بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا، بھوجپوری فنکار اور رکن پارلیمنٹ منوج تیواری، جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور ہریانہ کے سابق وزیراعلی منوہر لال کھٹر اور کئی مرکزی وزراء کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں بند ہوگا۔اس مرحلے میں 58 لوک سبھا سیٹوں پر 889 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں اور اوڈیشہ اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے 42 سیٹوں پر 44 خواتین سمیت 383 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔اوڈیشہ اسمبلی کی 147 سیٹوں میں سے 13 مئی کو پہلے مرحلے میں 28 سیٹوں پر اور دوسرے مرحلے میں 35 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی ہے ۔الیکشن کمیشن کی طرف سے آج جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آٹھ ریاستوں؍مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے جملہ58 لوک سبھا حلقوں میں 11.13 کروڑ رائے دہندگان اپنا ووٹ ڈال کر 889 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کر سکیں گے ۔ ان میں 5.84 کروڑ مرد، 5.29 کروڑ خواتین اور 5120 ٹرانس جینڈر ووٹر شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی شرکت بڑھانے کیلئے ووٹر بیداری پروگرام منعقد کیے ہیں۔ نیز چیف الیکشن افسرا اور ڈسٹرکٹ الیکشن افسران کو سخت گرمی کی لہر جیسی صورتحال کے پیش نظر مناسب انتظام کیلئے مناسب اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ الیکشن ورکرز کو مشینوں اور میٹریل کے ساتھ متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کر دیا گیا ہے ۔ پولنگ اسٹیشنوں پر مناسب سائبان اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔