انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کمیشن کا ریاستوں کا دورہ جاری
نئی دہلی :لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کب ہو سکتا ہے اس حوالے سے ایک بڑا اپ ڈیٹ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے موصول ہونے والی خبر کے مطابق الیکشن کمیشن 13 مارچ کے بعد کسی بھی دن لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر سکتا ہے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات 7یا8 مرحلوں میں ہو سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کئی ریاستوں کا دورہ کر رہا ہے اور یہ مکمل ہونے کے بعد تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔مرکزی الیکشن کمیشن کے عہدیدار اس وقت ٹاملناڈو کے دورے پر ہیں جس کے بعد اتر پردیش اور جموں و کشمیر کا دورہ کیا جائے گا۔ ریاستوں کا دورہ 13 مارچ سے پہلے مکمل ہونا ہے۔ کمیشن تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ چند مہینوں سے تمام ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز (CEOs) کے ساتھ باقاعدہ اجلاس منعقد کر رہا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ سی ای او نے حساس علاقوں، ای وی ایم کی نقل و حرکت، سیکورٹی فورسز کی ضرورت، سرحدوں پر کڑی نگرانی پر غو ر کرتے ہوئے حساس علاقوں کی نشاندی کی جارہی ہے۔ حکام نے کہاکہ الیکشن کمیشن اس سال انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے۔ میڈیاکے مطابق، الیکشن کمیشن مئی سے پہلے ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کے لیے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا استعمال کر سکتا ہے۔ یہ ای سی آئی کے اندر مصنوعی ذہانت کے لیے ایک شعبہ بھی تشکیل دے سکتا ہے تاکہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کی نشاندہی کرکے انہیں ہٹایا جا سکے۔انتخابات کے دوران سوشل میڈیا پر جھوٹے اور اشتعال انگیز مواد کو ہٹانے کا عمل تیز کیا جائے گا اور اگر کوئی پارٹی یا امیدوار قواعد کی خلاف ورزی جاری رکھے تو کمیشن سخت کارروائی کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا ، پارٹی اور امیدوار کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے اکاؤنٹس کو بلاک کرنایا معطل کرنے پر بھی غور کررہاہے۔
