لوک سبھا الیکشن 2024 کے ووٹوں کی آج گنتی

,

   

نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات 2024 ء کے ووٹوں کی گنتی منگل 4 جون کو صبح 8 بجے شروع کی جائے گی ۔ شام تک تمام نتائج جاری ہوجانے کی توقع ہے ۔ لوک سبھا کے 543 حلقوں کے لئے 19 اپریل سے یکم جون تک 7 مرحلوں میں ووٹ ڈالے گئے ۔ اب ملک بھر میں شہریوں کو لوک سبھا الیکشن کے نتیجہ کا بے چینی سے انتظار ہے ، جس کے ساتھ ہی مرکز میں اگلی حکومت کی تشکیل کا تعین ہوگا ۔ الیکشن کمیشن معمول کے مطابق نتائج کا اعلان کرتا جائے گا لیکن ووٹرس کے لئے اپنے متعلقہ حلقوں کے نتیجہ سے باخبر رہنے کے کئی طریقہ ہیں۔ ایک طریقہ الیکشن کمیشن کی آفیشل ویب سائیٹ کو ملاحظہ کرنا ہے ۔ results.eci.gov.in پر جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی کے مرحلے گذرتے جائیں گے ، اُسی وقت الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ کو ہر حلقہ کے لئے اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے گا ۔ ووٹوں کی گنتی کے لئے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں پوری کرلی ہیں۔ الیکشن کنڈکٹ رولس 1961 کے رول 54اے کے تحت ریٹرننگ افسر (آر او) کی ٹیبل پر سب سے پہلے ڈاک بیلٹ پیپرس کی گنتی کی جاتی ہے۔صرف انہی ڈاک یعنی پوسٹل بیلٹ پیپرس کی گنتی ہوگی جو آر او کے پاس ووٹوں کی گنتی شروع ہونے کی طے مدت سے پہلے آ چکے ہیں۔ڈاک بیلٹ پیپرس کی گنتی شروع ہونے کے 30 منٹ کے بعد ای وی ایم کے ذریعہ ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع کی جانی چاہیے۔ اگر کسی انتخابی حلقہ میں کوئی پوسٹل بیلٹ پیپر نہیں ہے تو ای وی ایم کے ذریعہ ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع کی جا سکتی ہے۔ رائے شماری مراکز پر ووٹوں کی گنتی کے لیے فارم 17سی کے ساتھ ای وی ایم کی صرف کنٹرول یونٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ای وی ایم کے سی یو سے ریزلٹ یقینی کرنے سے پہلے ووٹ شماری کرنے والا افسر یہ یقینی کرے گا کہ ان پر لگی پیپر سیل برقرار ہے اور ڈالے گئے سبھی ووٹ فارم 17سی میں مذکور ووٹوں سے میل کھاتے ہیں۔ کنٹرول یونٹ کا ریزلٹ، ووٹ شماری مبصر، مائیکرو مبصر اور امیدواروں کے ایجنٹس کو دکھانے کے بعد فارم 17سی کے حصہ2 میں درج کیا جائے گا۔ہر پولنگ مرکز کا فارم 17سی اس افسر کو بھیجا جانا چاہیے جو فارم 20 میں حتمی ریزلٹ شیٹ مرتب کر رہا ہے۔وی وی پیٹ پرچیوں کی گنتی سی یو میں درج ووٹوں کی گنتی پوری ہونے کے بعد کی جانی چاہیے۔وی وی پیٹ سے لازمی سرٹیفکیشن کے عمل کے تحت پارلیمانی حلقہ کے تحت آنے والے ہر اسمبلی حلقہ سے بے ترتیب انداز میں 5 پولنگ مراکز کو منتخب کیا جائے گا اور یہ ووٹوں کی گنتی کا عمل پورا ہونے کے بعد ہوگا۔اگر جیت کا فرق نامنظور ڈاک بیلٹ پیپرس سے کم ہے تو اس حالت میں حتمی نتیجہ اعلان کیے جانے سے پہلے خارج کیے گئے ڈاک بیلٹ پیپرس کو لازمی طور سے دوبارہ سرٹیفائی کیا جائے گا۔اگر سرکردہ دو امیدواروں کو یکساں ووٹ ملتے ہیں تو اس حالت میں ریزلٹ لاٹری کی بنیاد پر اعلان کیے جائیں گے۔