کانگریس کے یوم تاسیس پر ناگپور میں ہم تیار ہیں ریالی ‘ صدر کھر گے اور دیگر کا خطاب
ممبئی ؍ ناگپور: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات دو مختلف نظریات کی جنگ ہوں گے۔ راہول گاندھی نے کہا کانگریس پارٹی کے مرکز میں برسر اقتدار آنے پر ذات پر مبنی مردم شماری کی جائے گی ۔کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے کہا کہ پارٹی کا مقصد عوامی فلاح ہے۔کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے نے جمعرات کو پارٹی کے 139 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ہیڈکوارٹر میں پارٹی پرچم لہرایا اور کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس کا مقصد عوامی فلاح وبہبود ہے۔ یوم تاسیس کی تقریب میں راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، رکن پارلیمنٹ راجیو شکلا، جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سمیت کئی کانگریس لیڈران موجود تھے۔ کانگریس نے اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی مہم کا عملاًآغاز مہاراشٹر کے ناگپور میں اپنی ریلی سے کیا، جو پارٹی کے 139ویں یوم تاسیس کے موقع پر بھی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ریالی سے کیا جس کا نظریہ “ہیں طیار ہم (ہم تیار ہیں)” ہے جو ملک میں جمہوریت کے تحفظ کے لیے لڑنے کے لیے ان کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔قبل ازیںکھرگے نے ایکس پر لکھا کہ انڈین نیشنل کانگریس کا مقصد ہندوستان کے لوگوں کی بہبود اور ترقی ہے۔ ہم پارلیمانی جمہوریت پر مبنی ہندوستان میں یقین رکھتے ہیں جس میں بلاتقریق سبھی کے لیے برابری، مواقع اور سیاسی، اقتصادی اور سماجی حقوق محفوظ ہیں۔ کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر ہر ہندوستانیوں کو میری دلی مبارکباد۔ جئے ہند، جئے کانگریس۔پارٹی ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے راہول گاندھی نے لکھا کہ سچائی اور عدم تشدد جس کی بنیاد ہیں۔ محبت، بھائی چارہ، احترام اور مساوات جس کے ستون ہیں اور حب الوطنی جس کی چھت ہے۔ مجھے ایسی تنظیم کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔ کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر تمام قائدین، عہدیداروں اور حامیوں کو انہوں نے دلی مبارکباد پیش کی۔ پرینکا گاندھی نے لکھا کہ تحریک آزادی کے دوران مہاتما گاندھی نے انڈین نیشنل کانگریس کی سرگرمیوں کو چلانے کے لیے ‘تلک سوراج فنڈ’ شروع کیا تھا۔ اس کا مقصد تحریک عدم تعاون کے لیے چندہ اکٹھا کرنا تھا تاکہ ‘سوراج’ قائم ہو سکے۔ آج تقریباً 100 سال بعد کانگریس نے جمہوریت کو بچانے، چند ارب پتیوں کے لیے کام کرنے والی آمرانہ حکومت کے خلاف ایک مضبوط اپوزیشن بنانے اور آئین کو بچانے کے لیے ‘ڈونیٹ فار دیش’ مہم کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سچائی، عدم تشدد، محبت اور ہم آہنگی جس کی بنیاد ہے۔ جمہوریت، مساوات، انصاف اور اتحاد جس کا ہدف ہے۔ مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو، سبھاش چندر بوس، سردار پٹیل، مولانا آزاد اور لال بہادر شاستری جس کے علمبردار ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ میں اس انڈین نیشنل کانگریس کا حصہ ہوں۔ تمام عہدیداروں، کارکنوں اور کروڑوں حامیوں کو کانگریس کا یوم تاسیس مبارک ہو۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور کرناٹک کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار نے ریلی میں ’’کانگریس بچاؤ، ہندوستان بچاؤ‘‘ کا نعرہ دیا۔ مہاراشٹر اکانگریس کے سربراہ نانا پٹولے نے کہا کہ یہ ریالی بی جے پی کے ظلم کو ختم کرنے کیلئے ہے۔