لوک سبھا انتخابات مسلمانوں کیلئے امتحان کا وقت:بہار کونسل کے رکن سلیم پرویز

   

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات میں مسلمانوں سے بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے بہا ر قانون ساز کونسل کے سابق کارگزار چیرمین اور جنتا دل متحدہ (جے ڈی ایس) کے سینئر لیڈر سلیم پرویز نے کہاکہ یہ ان کے لئے امتحان کا وقت ہے اورلازمی طور پر مسلمان انتخابی عمل میں انتہائی سمجھ داری اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے آج جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ الیکشن بہت اہم ہے ، تھوڑی سی غلطی آپ کے مستقبل کو تباہ کرسکتی ہے ، صحیح لوگوں کو منتخب کرنے کا وقت ہے ۔ اگر آپ نے غلط امیدوار کو منتخب کرلیا تو کم از کم پانچ سال پچھتانا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان سمجھداری اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کریں اور کام کرنے والے اور کام نہ کرنے والوں کی شناخت کریں۔ کس نے ان کے لئے ترقی کی راہ ہموار کی ہے اور کس نے بہار کوفرقہ وارانہ فسادات سے محفوظ رکھ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو ووٹ دینے سے پہلے یہ بھی سوچنا چاہئے کہ کس نے بہار میں مسلمانوں کے اعتماد کو کبھی گرنے نہیں دیا۔ سلیم پرویز جو بہار مدرسہ بورڈ کے چیرمین بھی رہ چکے ہیںنے کہاکہ وقت آگیاہے کہ مسلمان جذبات سے نہیں دماغ اور عقل سے کام لیں اور مستقبل کو سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ الیکشن مسلمانوں کے لئے بہت اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے مسلمانوں کے لئے ہمہ جہت ترقی کے دروازے کھولے ، سرکاری مدارس کے مدرسین کی تنخواہ میں اضافہ کیا۔ سرکاری مدارس کے طلبہ کے لئے اسکول کی طرح مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہاکہ نتیش کمار کہیں بھی رہے لیکن وہ مسلمانوں کے ہمیشہ بہی خواہ اور خیرخواہ کے طور پرہی رہے ۔ یہی موقع ہے کہ نتیش کمار کا ساتھ دیں۔