لوک سبھا انتخابات میں نوٹا کو 0.99فیصد ووٹ ملے

   

نئی دہلی:گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کل 63 لاکھ 71 ہزار 839 ووٹروں نے ای وی ایم پر نوٹا کا بٹن دبایا جو کل ڈالے گئے ووٹوں کا تقریباً ایک فیصد 0.99 فیصد تھا۔2019 کے عام انتخابات میں نوٹا کا بٹن دبا کر اپنے علاقے کے تمام امیدواروں کے خلاف اپنی ناپسندیدگی کا اندراج کرانے والے ووٹروں کا تناسب 1.06 فیصد تھا۔اس بار لوک سبھا انتخابات میں رجسٹرڈ ٹرانس جینڈر ووٹرز (تیسری جنس) میں سے صرف ایک چوتھائی سے کچھ زیادہ 27.09 فیصد ووٹ ڈالنے آئے ۔ دنیا میں جمہوریت کے سب سے بڑے تہوار سے جڑے ایسے تمام دلچسپ اعداد و شمار الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے لوک سبھا انتخابات 2024 کے بارے میں جمعرات کو جاری کردہ تفصیلی شماریاتی رپورٹ میں دیے گئے ہیں۔کمیشن نے اس کے ساتھ ہی آج آندھرا پردیش اور اڈیشہ سمیت 4 ریاستوں میں اس سال ایک ساتھ ہونے والے اسمبلی انتخابات کے تفصیلی اعداد و شمار بھی جاری کیے جو محققین اور تجزیہ کاروں کے لیے معلومات کا ایک بھرپور ذخیرہ ہے ۔ہندوستان کی 18ویں لوک سبھا کے انتخابات کو دنیا میں اب تک کی سب سے بڑی جمہوری انتخابی مشق قرار دیا گیا ہے ۔ کمیشن نے ایک ریلیز میں کہا کہ یہ اعداد و شمار دنیا بھر کے ماہرین تعلیم، محققین، انتخابی مبصرین سمیت اسٹیک ہولڈرز کے لیے معلومات کا خزانہ ہیں۔کمیشن نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے 42 شماریاتی رپورٹوں کا ایک سیٹ جاری کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، اڈیشہ اور سکم میں گزشتہ اسمبلی انتخابات کی 14 شماریاتی رپورٹوں کا ایک تفصیلی ڈیٹا سیٹ جاری کیا گیا ہے ۔ان چار ریاستوں میں اسی سال انتخابات ایک ساتھ ہوئے تھے ۔