لوک سبھا انتخابات کیلئے ٹی آر ایس کی مہم کا جمعہ کو کریم نگر سے آغاز

   

تلنگانہ کے 16حلقوں سے کامیابی کا یقین ، کے ٹی آر کی جانب سے پارٹی حکمت عملی کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 25فبروری ( سیاست نیوز) ریاست میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کی صدارت میں حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے ۔ انتخابی مہم اور تشہیر کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جاچکی ہے ۔ ریاست کے 17لوک سبھا حلقوں کے منجملہ 16میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر ٹی آر ایس ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے ۔ امکان ہیکہ یکم مارچ سے مہم کا آغاز ہوگا اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے صدر کے سی آر کے فرزند کے ٹی آر اس مہم کا آغاز کریں گے ۔ پارٹی کی گرفت مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی سے پائے جانے والے جوش و جذبہ کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ پارٹی کیڈر کے حوصلہ مزید ہوسکیں ، جن اضلاع میں وزراء موجود ہیں جلسوں کے انتظامات کا انہی کو جائزہ دیا جائے گا اور جن اضلاع میں وزراء موجود نہیں ہیں ان مقامات پر راست خود چیف منسٹر کیڈر سے رابطہ بنائیں گے ۔ رعیتو سمنوائی کمیٹی کے بشمول دیہاتوں اور مواضعات کے پارٹی صدور ، مجالس مقامی سے منتخب ٹی آر ایس کے نمائندے ، مقامی کیڈر ، پارٹی کے ہمدرد عوام کے علاوہ پارٹی ورکرس کے بشمول اراکین اسمبلی و اراکین پارلیمان کو بھی گروپس میٹگنس میں شرکت کرنا ہوگا ۔ کے راما راؤ نے اسمبلی حلقوں کے متعلق حکمت عملی کو تیار کیا ہے ۔ ہر ایک لوک سبھا حلقہ سے 3لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور اس لحاظ سے پارٹی کی تشہیری اور انتخابی مہم چلائی جائیگی بلکہ بوتھ سطح سے کیڈر کو مضبوط کرنے ، ان میں حوصلہ پیدا کیا جائے اور ٹی آر ایس 16حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کررہی ہے اور اپنے دعوے کو یقینی بنانے برق رفتار مہم چلائی جائے گی ۔