لوک سبھا انتخابات کیلئے پیپر بیالٹ ضروری

   

الیکشن کمیشن سے صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو کی درخواست
لکھنؤ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کئے جانے کے شبہات اور تنازعات کے درمیان صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کو بیالٹ پیپر کے ذریعہ منعقد کرے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر اُٹھنے والے شبہات کو دیکھتے ہوئے بہتر یہی ہے کہ انتخابات میں بیالٹ پیپر کا استعمال کیا جائے۔ صدر سماج وادی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق شبہات اور تنازعات کے بعد یہ سوال اُٹھتا ہے کہ آیا انتخابات کا پورا عمل جمہوری نوعیت کا ہوگا؟ اکھلیش یادو نے یہ شبہ ظاہر کیاکہ ٹیکنالوجی کو سیاسی مقاصد کے لئے غلط استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اِس میں شک نہیں کہ اِس طرح کے واقعات رونما ہوتے جارہے ہیں۔ فنی اُمور سے واقف سماج کو چاہئے کہ وہ ای وی ایم کے غلط استعمال کے خلاف آواز اُٹھائے۔ انتخابات میں بیالٹ پیپر کا استعمال ہی ریاست اور عام آدمی کے درمیان تعلقات کو مضبوط بناسکتا ہے۔ بھروسہ ہی جمہوریت کی بنیاد ہے اور یہ ملک کے لئے ضروری ہوگیا ہے۔ای وی ایمس میں نقائص سے متعلق کئی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ عوام کو پولنگ بوتھوں پر ووٹ ڈالنے کیلئے طویل وقت تک قطار میں کھڑا رہنا پڑرہا ہے۔ حکومت عوام کو اِن کے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے سے محروم نہیں کرسکتی۔