حکومت کی حلیف جماعتوں کی ذمہ داری میں اضافہ، امیر جماعت اسلامی سعادت اللہ حسینی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) امیرجماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے لوک سبھا انتخابی نتائج پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام سیاسی پارٹیوں کو نتائج سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ عوام نے نفرت اور تفریق پر مبنی سیاست کے خلاف واضح فیصلہ سنایا ہے۔ ملک کے عوام نے نفرت پر مبنی سیاست کو فیصلہ کن انداز میں مسترد کردیا اور یہ اعلان کیا کہ عوام اتحاد، امن اور ہم آہنگی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں اہم قائدین کی جانب سے دانستہ طور پر مذہبی و فرقہ وارانہ جذبات کو مشتعل کرنے کی کوششیں شرمناک تھی جو دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا باعث بنی۔ ملک کے عام رائے دہندوں نے اپنے شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کردیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقات کے مفادات کو نظراندازکرتے ہوئے کارپوریٹ مفادات کو ترجیح دی گئی جس کے نتیجہ میں عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ جماعت اسلامی تمام سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ انتخابی نتائج سے سبق حاصل کریں اور نفرت و تفریق کی سیاست فرقہ پرستی، ذات پات اور مذہبی گروپس کو برا بھلا کہنے کی مہم سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو مذکورہ بالا منفی رجحانات سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے نئی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاستی مشنری اور دستوری و جمہوری اداروں کے سیاسی استحصال اور اپوزیشن پر دباؤ بنانے کے رجحانات کو فوری ختم کرے۔ پریس کانفرنس میں نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ این ڈی اے میں اتحادیوں کی ذمہ داری میں اضافہ ہوچکا ہے۔ عوام کو توقع ہے کہ حلیف پارٹیاں دیانتداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دستوری اقدار کا تحفظ کریں گی۔ اپوزیشن کو محاسبہ کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن قائدین کی ایک تعداد نے حوصلہ اور اعتماد کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیا جبکہ بعض قائدین میں درکار خود اعتمادی کی کمی پائی گئی۔ نائب امیر جناب ملک معتصم خاں نے کہا کہ سیول سوسائٹی، غریب عوام ، مجبوروں، کسانوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں نے الیکشن میں غیر معمولی رول ادا کیا ہے۔1
محفل مناقب سرکار یوسفینؒ و زماں خانصاحب شہیدؒ
حیدرآباد 9 جون (راست) مرکزی بزم میلادالنبی کے زیراہتمام محفل مناقب بسلسلہ اعراس سرکار یوسفین و حضرت زماں خانصاحب شہیدؒ 10 جون بروز دوشنبہ بعد نماز عشاء مسجد حضرت مولوی محمد زماں خانصاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں مقرر ہے۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی القادری کریں گے۔