لوک سبھا انتخابات 2024: این ڈی اے میں نئی جان پھوکنے کی تیاری، بی جے پی نے 18 جولائی کو بلائی میٹنگ، 19 پارٹیوں کو کیا مدعو

   

نئی دہلی: بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی طرف سے اب تک 19 سیاسی جماعتوں کو 18 جولائی کو ہونے والی میٹنگ کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے قائدین چراغ پاسوان اور کئی دوسرے پرانے اور نئے اتحادیوں کے این ڈی اے میٹنگ میں شرکت کرنے کا امکان ہے۔ این ڈی اے کی میٹنگ کو حکمراں اتحاد کی طاقت کے مظاہرہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اپوزیشن کی جانب سے مرکز میں نریندر مودی حکومت کے خلاف متحد ہونے کی کوششوں کے درمیان یہ بہت اہم میٹنگ مانی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کئی پارٹیوں کے لیڈروں کو میٹنگ میں شرکت کے لیے خط لکھے ہیں۔ ان میں وہ پارٹیاں بھی شامل ہیں، جن کے ساتھ بی جے پی 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اتحاد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔