حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں آئندہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر حلقہ لوک سبھا کے لیے ابھی تک کسی ریٹرننگ آفیسر عہدے کے لیے تقرر عمل میں نہیں لایا گیا ۔ جب کہ ضلع کلکٹر حیدرآباد ہی حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے لیے بحیثیت ریٹرننگ آفیسر اپنا رول ادا کرتے ہیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹر حیدرآباد جو کہ گذشتہ چند دن قبل ہی چھ ماہ کے لیے اسٹیڈی ٹور (مطالعاتی دورہ ) پر امریکہ روانہ ہوئے ہیں اور ان کی روانگی کے پیش نظر فی الوقت جوائنٹ کلکٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے مسٹر جی روی کو ضلع کلکٹر حیدرآباد کی زائد ذمہ داری سونپی گئی ہے لیکن لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر انہیں ریٹرننگ آفیسر حلقہ لوک سبھا سکندرآباد مقرر کیا گیا جس کے پیش نظر بحیثیت انچارج ضلع کلکٹر وہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی ذمہ داری پوری کریںگے اور اس طرح حلقہ لوک سبھا میں حیدرآباد کے ریٹرننگ آفیسر کوئی نہیں رہیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر رگھونندن راؤ حیدرآباد میں ضلع کلکٹر کے عہدے پر فائز تھے لیکن وہ امریکہ کے دورہ پر روانہ ہونے کے پیش نظر ضلع کلکٹر کا عہدہ بھی مخلوعہ ہے لہذا مرکزی الیکشن کمیشن نے بھی ضلع کلکٹر حیدرآباد کے عہدے پر فی الفور کسی کا تقرر کرنے کی ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے اور مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت حیدرآباد ضلع کلکٹر کے عہدے پر کسی موزوں آئی اے ایس عہدیدار کے نام پر سنجیدگی سے غور کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور فوری طور پر ضلع کلکٹر حیدرآباد کے عہدے پر کسی عہدیدار کا تقرر کرنا حکومت کو ضروری ہوگیا ہے ۔۔