نئی دہلی: لوک سبھا سکریٹریٹ 18 ویں لوک سبھا اراکین کے استقبال کیلئے تیار ہے ۔ اراکین کو خوش آمدید کہنے اور بغیر کسی رکاوٹ کے رجسٹریشن کو یقینی بنانے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ لوک سبھا سکریٹری جنرل اتپل کمار سنگھ نے آج تیاریوں کا معائنہ کیا۔ کاغذی کام کو کم کرنے اور اراکین کے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو بہتر کرنے نو منتخب ممبران کا رجسٹریشن آن لائن مربوط سافٹ ویئر ایپلی کیشن کے ذریعے ہوگا ۔ اراکین کو مختلف برانچوں میں تجویز کردہ کاغذات پر دستخط کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس سے ممبران کا کافی وقت بچ جائے گا۔ مربوط سافٹ ویئر ایپلیکیشن کا استعمال نہ صرف رکن پارلیمنٹ کے بائیو پروفائل ڈیٹا کو داخل کرنے کیا جائے گا بلکہ اس میں درج چہرے اور بائیو میٹرک معلومات کی بنیاد پر شناختی کارڈ جاری کرنے کے ساتھ اراکین کو سی جی ایچ ایس کارڈ جاری کرنے بھی استعمال کیا جائے گا۔ ان کی شریک حیات کیلئے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ کی سہولت و آسانی کیلئے رجسٹریشن، نامزدگی ، عارضی رہائش اور دیگر امور سے متعلق تمام رسمی کارروائیوں کو کم وقت میں مکمل کرنے کی تجویز ہے ۔ لوک سبھا سیکریٹریٹ نے 4 جون کو دوپہر 2 بجے سے رجسٹریشن شروع کرنے کا انتظام کیا ہے اور یہ عمل ہفتہ اور اتوار سمیت 5 سے 14 جون تک صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک جاری رہے گا۔ اس سے قبل نومنتخب اراکین کا رجسٹریشن پرانی عمارت میں ہوتا تھا ۔ اس بار سیکریٹریٹ نے یہ انتظام پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں کیا ہے ۔ انیکسی میں بینکویٹ ہال اور پرائیویٹ ڈائننگ روم میں کل 20 ڈیجیٹل رجسٹریشن کاؤنٹر نصب کیے گئے جن میں 10 کمپیوٹرز ہیں۔ یہ کاؤنٹر آخر تک رجسٹریشن کیلئے قائم کیے گئے ہیں۔ ہر کاؤنٹر ایک ڈیسک ٹاپ سے لیس ہے جس میں ڈبل سائیڈ اسکرین، پرنٹر کم اسکینر، بائیو میٹرکس اور دستخط حاصل کرنے ایک ٹیب ہے ۔ فوٹو لینے اور چہرے کی شناخت کیلئے الگ کاؤنٹر ہیں۔ اس کے علاوہ نو منتخب اراکین کیلئے ایس بی آئی اکاؤنٹ کھولنے ، مستقل شناختی کارڈ جاری کرنے ، مرکزی حکومت کے ہیلتھ اسکیم کارڈ کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ کا خیر مقدم کرکے سیکریٹریٹ ہر ممبر کو آئین ہند کی کاپیاں، ضابطے ، ہدایات اور کچھ دیگر مفید اشاعتیں فراہم کریگا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی توسیع کے بینکویٹ ہال میں اراکین کے اہل خانہ اور مہمانوں کیلئے ویٹنگ ایریا فراہم کیا گیا ہے ۔ مہمانوں کی بڑی تعداد پر انہیں قریبی کمیٹی روم میں بٹھایا جائے گا۔رجسٹریشن کاؤنٹر پر تعیناتی کیلئے کل 70 افسران کو تربیت دی گئی ہے جو شفٹوں میں کام کریں گے ۔ نامزد ویٹنگ ایریا میں انتظار کر رہے اراکین پارلیمنٹ کی سہولت کیلئے ، رابطہ افسران کو ڈیٹا انٹری کی تربیت دی گئی ہے ۔ یہ انتظام ارکان کو کم وقت میں رجسٹر کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے ۔سنگ بنیاد تقریب، پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح اور ملٹی میڈیا آلات سے متعلق ویڈیوز کو بینکوئٹ ہال اور ای پی ایچ اے کے کمیٹی روم 1 اور 2 میں چلانے تیار رکھا گیا ہے ۔نتائج کے اعلان کے دن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کی نگرانی اور کامیاب امیدواروں کے رابطے کی تفصیلات فوری طور پر درج کرنے ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ سافٹ ویئر ایپلیکیشن کا استعمال کرکے ٹیم یہ چیک کر سکے گی کہ آیا کامیاب امیدوار نیا ایم پی ہے یا دوبارہ منتخب ہے ۔ دہلی میں ارکان کی آمد کے شیڈول میں داخل ہونے سافٹ ویئر ایپلیکیشن سے یہ معلومات رابطہ افسروں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ تازہ معلومات حاصل کرنے ڈیش بورڈ دستیاب ہوگا۔ سہولت اور معلومات کیلئے متعلقہ علاقے /زبان کے علم رکھنے والے رابطہ افسران کو تعینات کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔رابطہ افسران سے کہا گیا کہ وہ فوری ممبران بالخصوص نومنتخب ممبران سے رابطہ کریں اور انہیں ضروری دستاویزات لانے معلومات فراہم کریں۔ اراکین سے درخواست کی جائیگی کہ وہ کچھ معلومات لوک سبھا کو “[email protected]” پر ای میل کے ذریعے یا ہارڈ کاپی میں بھیجیں۔