حیدرآباد24 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا میں ٹی آر ایس ارکان نے مرکز سے روزگار کی فراہمی کے مسئلہ پر مباحث کی مانگ پر تحریک التواء پیش کی۔ اسپیکر اوم برلا نے تحریک التواء کو نامنظور کردیا جس کے بعد ٹی آر ایس ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ یہ ارکان مسلسل تین دن سے لوک سبھا کی کارروائی سے واک آؤٹ کر رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی قائد این ناگیشور راؤ نے تحریک التواء کی نوٹس پیش کرکے کہا کہ مرکز نے ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ 8 سال کے بعد بھی عمل آوری نہیں ہوئی ، لہذا اس پر مباحث کی ضرورت ہے۔ اسپیکر نے ٹی آر ایس کی تحریک التواء کو نامنظور کردیا جس کے بعد ٹی آر ایس ارکان نے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی اور انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ دو کروڑ روزگار کی فراہمی میں ناکامی سے بیروزگار نوجوان خودکشی کر رہے ہیں۔ واک آؤٹ کے بعد میڈیا سے ناگیشور راؤ نے کہا کہ 2014 کے بعد بیروزگاری میں اضافہ ہوا ۔ ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والی مودی حکومت نے ابھی تک دس لاکھ جائیداوں پر تقررات نہیں کئے۔ مرکز کے اداروں میں دس لاکھ سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ر