نئی دہلی ۔ 19 اگست (یو این آئی) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے آج ایوان کو مطلع کیا کہ اب ایوان کی کارروائی کا آئین کے آٹھویں شیڈول میں درج تمام 22 زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا ۔ برلا نے کارروائی شروع ہوتے ہی کہاکہ مجھے ایوان کو یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ہم ایوان میں ، آئین کے آٹھویں شیڈول میں درج تمام زبانوں میں ترجمے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ اب تک ایوان کی کارروائی کا ہندی اور انگریزی کے علاوہ 18 زبانوں یعنی آسامی ، بنگالی ، بوڈو ، ڈوگری ، گجراتی ، کنڑ ، میتھلی ، ملیالم ، منی پوری ، مراٹھی ، نیپالی ، اڑیہ ، پنجابی ، سنسکرت ، سندھی ، تمل، تلگو اور اردو میں ترجمہ کیا جا رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اب کشمیری ، کونکنی اور سنتھالی زبانوں کو شامل کرنے کے ساتھ ہم آئین میں درج تمام زبانوں میں ترجمے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بہار میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر) کے معاملے پر ہنگامہ کرنے والے اراکین سے کارروائی جاری رکھنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں صرف ہندوستان کی پارلیمنٹ ہی ایسی ہے جہاں ایک ہی وقت میں 22 زبانوں میں ترجمے کی سہولت موجود ہے ، اور کہیں ایسا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی جمہوریت اور آئین پر فخر ہونا چاہیے ۔ اس لیے میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ ایوان کی کارروائی میں تعاون کریں ۔ ہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہیں ۔ مجھے امید ہے کہ آپ ایوان کی کارروائی جاری رکھنے میں تعاون کریں گے ۔