نئی دہلی ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں مسلمانوں کو مسائل کا سامنا ہے اور لنچنگ کے کئی واقعات کی جھارکھنڈ جیسی ریاستوں سے اطلاعات موصول ہورہی ہیں، ایس پی ممبر شفیق الرحمن برق نے آج لوک سبھا میں یہ بات کہی۔ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے برق نے کہا، ’’ہمیں فیصلہ کرنا پڑے گا کہ اِس ملک میں ہجومی تشدد کے واقعات کے سبب مسلمان کس طرح رہیں گے ۔‘‘ اس مسئلہ نے بی جے پی ارکان کو برہم کردیا۔ اپوزیشن ارکان بھی اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے جبکہ اسپیکر لوک سبھا نے وقفہ صفر میں ایک دیگر ممبر کو اپنا معاملہ اٹھانے کیلئے کہا۔ مہوا موئترہ (ٹی ایم سی) نے کہا کہ پارلیمنٹ مغربی بنگال کے مسائل اٹھانے کا فورم بن رہا ہے۔