نئی دہلی: لوک سبھا سے معطل ہوئے اراکین پارلیمنٹ کی معطلی ختم ہوگئی ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن کے ساتھ اتفاق کے بعد معطلی ختم کرنے کے لئے تجویز لائی گئی تھی۔ اسی کے ساتھ لوک سبھا سے معطل اراکین پارلیمنٹ کا سسپنشن ختم ہوگیا۔جولائی کے آخر میں پارلیمنٹ میں پلے کارڈ دکھانے کے سبب کانگریس کے چار اراکین پارلیمنٹ کو لوک سبھا سے پورے سیشن کے لئے معطل کردیا گیا تھا، جن چار اراکین پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا تھا، وہ منیکم ٹیگور، ٹی این پرتاپن، جوتھمنی اور رامیا ہری داس ہیں۔ لوک سبھا میں مختلف موضوعات پر ہنگامے کے دوران تختیاں دکھاکر احتجاج کرنے اور آسن کی توہین کرنے کے معاملے میں 25 جولائی کو کانگریس کے ان چار اراکین کو جاری سیشن کی باقی مدت کے لئے ایوان کی کارروائی سے معطل کر دیا گیا تھا۔