نئی دہلی : ایوان زیریں۔ لوک سبھا میں شدید احتجاج و مخالفت اور ہنگامہ آرائی کے درمیان ، آئینی ترمیم (شیڈولڈ ٹرائبز) آرڈر (ترمیمی) بل 2021 سمیت تین بل منظور ہوئے اور ایوان کو دوپہر 2 بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔تین بار کے التواکے بعد ایوان کی کارروائی 12.30 بجے شروع ہوئی تو پریزائیڈنگ اسپیکرراجندر اگروال نے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کو پکارا جنہوں نے لمیٹیڈلائبلیٹی پارٹنر شپ (ترمیمی) بل 2021 اور ڈپازٹ انشورنس کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن (ترمیمی) بل 2021 متعارف کرایا اور ایوان نے ان بلوں کو بغیر بحث و مباحثہ کرائے منظور کرلیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ‘لمیٹیڈلائبلیٹی پارٹنر شپ ایکٹ 2009 میں اس کے نفاذ کے بعد سے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی تھی۔ اس ترمیم کے ذریعے اس قانون میں مجرمانہ دفعات کو کم کیا گیا ہے اور ان میں صرف جرمانے کی التزامات وضع کئے گئے ہیں، اس کے بن جانے سے کاروبار کرنے میں آسانی ہوگی۔سیتارمن نے ڈپازٹ انشورنس کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن (ترمیمی) بل 2021 کو کوآپریٹو بینکوں میں چھوٹے کھاتہ داروں کے مفادات کے مطابق قراردیا اور کہا کہ پنجاب مہاراشٹر کوآپریٹو بینک اور گرو راگھوندر بینک کے کھاتہ داروں کو بھی 90 دن کے اندر ایک لاکھ روپے کے بجائے 5 لاکھ روپے کی ادائیگی پر چھوٹ ہوگی۔ایوان نے اسے اپوزیشن ارکان کے ہنگامے کے درمیان صوتی ووٹوں سے پاس کردیا۔اس کے بعد مسٹر اگروال نے قبائلی امور کے وزیر ارجن منڈا کا نام پکارا۔ آئینی ترمیم (شیڈولڈ ٹرائبز) آرڈر (ترمیمی) بل 2021 کو متعارف کرانے کے بعد آج عالمی یوم قبائلی کے موقع کا حوالہ دیتے ہوئے منڈا نے الزام لگایا کہ اپوزیشن اروناچل پردیش کے ناگا قبائل کو باضابطہ طور پر قبائلی درجہ دینے گی اوراپوزیشن قبائلیوں کی ضرورتوں کے لئے ان کی حالتوں پر بحث نہیں کرنا چاہتا ، یہ افسوس کی بات ہے ۔کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری ، ٹی ایم سی کے سدیپ بندھوپادھیائے ، شیو سینا کے ونائیک راوت ، انقلابی سوشلسٹ پارٹی کے این کے پریم چندرن ، بہوجن سماج پارٹی کے رتیش پانڈے ، دراوڑ منیتر کشگم کے ٹی آر بالو ، این سی پی کی سپریا سولے نے اس پراحتجاج کیا۔ ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ان کی پارٹی عالمی قبائلی دن کے موقع پر تمام قبائلیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہے ۔بلوں کی منظوری سے قبل اور درمیان میں اپوزیشن پیگاسیس جاسوسی کیس ، کسانوں کے مسائل اور قیمتوں میں اضافے پر ہنگامہ کرتا رہا ۔ چنانچہ آخرکار کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔