کے ٹی آر زبان قابو میں رکھیں، تلنگانہ میں عوامی وعدوں کی تکمیل کا آغاز
حیدرآباد ۔ 23۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پیش قیاسی کی ہے کہ 5 جون کے بعد بی آر ایس کی دکان تلنگانہ میں بند ہوجائے گی ۔ لوک سبھا انتخابی نتائج کے بعد بی آر ایس کا صفایا ہوجائے گا ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی کا بھرپور دفاع کیا اور بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو چیف منسٹر کے بارے میں زبان قابو میں رکھنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ شراب اسکام میں کویتا کے جیل جانے اور 10 سالہ اقتدار سے محرومی کے سبب کے ٹی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے ٹی آر کی طرح کسی محنت کے بغیر چیف منسٹر کے عہدہ تک نہیں پہنچے بلکہ انہوں نے آزادانہ طور پر عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر خاندان نے تلنگانہ کے وسائل کو لوٹ لیا تھا اور عوام کی بھلائی کے بجائے صرف ایک خاندان کی بھلائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کویتا کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 8000 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو مقروض ریاست بنانے کیلئے بی آر ایس ذمہ دار ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ اضلاع میں متعلقہ میونسپلٹیز سے اجازت حاصل کئے بغیر ہی بی آر ایس کے دفاتر تعمیر کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل بی نگر میں سرکاری دواخانہ بلدیہ کی اجازت کے بغیر ہی تعمیر کیا گیا ۔ بی آر ایس دور حکومت میں سرکاری اراضیات پر تعمیرات کے ذریعہ خانگی اثاثہ جات میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کے ٹی آر کو انتباہ دیا کہ اگر دوبارہ ریونت ریڈی کے خلاف بیان دیا گیا تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ کے ٹی آر اپنے والد کے نام پر ریاستی وزیر بن گئے جبکہ ریونت ریڈی نے آزادانہ طور پر اپنی خدمات کو چیف منسٹر کے عہدہ تک پہنچایا ہے۔ ریونت ریڈی کے مقابلہ کے ٹی آر بچہ کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈی گڈا بیاریج کی طرح لوک سبھا نتائج کے بعد بی آر ایس بھی زمین میں دھنس جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا چناؤ میں دو یا تین حلقہ جات میں بی آر ایس امیدواروں کی ضمانت بچ پائے گی اور پارٹی کو تمام نشستوں پر شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 12 دنوں بعد بی آر ایس کا نام و نشان نہیں رہے گا۔ کیڈر اور لیڈر دونوں پارٹی سے دوری اختیار کر رہے ہیں۔ 5 جون کے بعد کے سی آر تلنگانہ بھون کو تالا لگانے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت بس کی سہولت اور غریبوں کو 500 روپئے میں گیس سلینڈر کی فراہمی کے علاوہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ حکومت کے یہ اقدامات بی آر ایس کو برداشت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کانگریس دور حکومت میں ہوئی تھی ۔ کالیشورم کے نام پر ہزاروں کروڑ کمیشن حاصل کیا گیا۔ 1