لوک سبھا ٹکٹ کیلئے 10 تا 12 فروری درخواستوں کی طلبی

,

   

کانگریس پارٹی کا فیصلہ ، 11 اور 12 فروری کو مختلف کمیٹیوں کے اجلاس: اتم کمار ریڈی

حیدرآباد ۔ 8۔ فروری (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پردیش کانگریس کمیٹی نے 11 اور12 فروری کو مختلف کمیٹیوں کے اجلاس طلب کئے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے مطابق گاندھی بھون میں یہ اجلاس منعقد ہوں گے جس میں امیدواروں کے انتخاب کے طریقہ کار کے علاوہ انتخابی مہم کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔ 11 فروری کو 11 بجے دن ضلع کانگریس صدور کا اجلاس ہوگا جبکہ ایک بجے دن میڈیا کوآرڈینیشن کمیٹی ، ڈھائی بجے دن پبلسٹی کمیٹی ، 4 بجے شام انتخابی مہم کمیٹی اور 5.30 بجے شام کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ 12 فروری کو 3 بجے سہ پہر پردیش الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کی جائیں گی ۔ اسی دوران پارٹی نے 10 تا 12 فروری لوک سبھا ٹکٹ کے لئے درخواستوں کی طلبی کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں کیلئے ٹکٹ کے خواہشمند افراد 10 فروری سے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ تین دنوں تک درخواستیں مکمل تفصیلات کے ساتھ گاندھی بھون میں داخل کی جائیں۔ پردیش الیکشن کمیٹی تمام درخواستوں کی وصولی کے بعد جانچ کرے گی اور اہل امیدواروں کے ناموں کی اے آئی سی سی کو سفارش کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے پردیش کانگریس کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ امیدواروں کے ناموں کی سفارش کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ فروری کے اختتام تک پارٹی امیدواروں کی فہرست جاری کردے گی تاکہ انتخابی مہم کے لئے مناسب وقت مل سکے۔ اسمبلی انتخابات میں فہرست کی اجرائی میں تاخیر کے سبب امیدواروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔