کشن ریڈی کا پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔15۔ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی نے تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے کارکنوں اور قائدین سے لوک سبھا چناؤ کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر کے آخری ہفتہ میں قومی صدر جے پی نڈا تلنگانہ کا دورہ کریں گے ۔ کشن ریڈی نے آج پارٹی آفس میں ریاستی عہدیداروں، ضلع صدور ، لوک سبھا کے انچارجس اور دیگر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے انچارج ترون چگ اجلاس میں شریک تھے۔ مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی تنہا مقابلہ کرے گی اور لوک سبھا چناؤ میں کسی بھی پارٹی سے مفاہمت نہیں ہوگی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس اور بی آر ایس متحدہ طور پر مقابلہ کر رہے ہیں۔ تلنگانہ میں بی جے پی کا موقف مستحکم ہے اور گزشتہ سے زیادہ لوک سبھا نشستوں پر بی جے پی کو کامیابی ملے گی۔ ریاست بھر میں وکست بھارت پروگرام کی تشہیر کا آغاز ہوگا۔ جس کے تحت مرکزی حکومت کی اسکیمات سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ بی جے پی کے 8 نو منتخب ارکان تمام اضلاع کا دورہ کریں گے۔